ٹیوٹا اور چیتے کا 50،000 ملازمتیں فراہم کرنے کا اعلان
ٹیوٹا اور چیتے کا 50،000 ملازمتیں فراہم کرنے کا اعلان
ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) اور چیتے نے ٹیوٹا کے طلباء کو کام کے مواقع اور کاروباری سیشنز فراہم کرنے کے لیے شراکت داری کا آغاز کردیا ہے۔
چیئرمین علی سلمان صدیقی اور چیتے کے سی او او محسن قریشی نے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران اپنی متعلقہ تنظیموں کی جانب سے اس سلسلے میں ایک معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کے دوران علی سلمان نے اس امر پر روشنی ڈالی کہ ٹیوٹا کے تربیت یافتہ طلبا کو معیاری تعلیم اور معاشی مواقع فراہم کرنا ٹیوٹا کے وژن کا ایک اہم ستون ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیتے کے ساتھ معاہدہ ایک قدم آگے کی جانب ہے اور اس پالیسی کے نفاذ کی طرف اس حکمت عملی کا حقیقت پسندانہ اظہار ہے۔
مزید پڑھیں: قدیم ٹیکسلا یونیورسٹی کی ثقافتی اہمیت کو بحال کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں
علی سلمان کا کہنا تھا کہ ٹیوٹا کا مقصد صوبے بھر میں اپنے طلباء کے لیے سافٹ اسکلز اور انگریزی بولنے کی کلاسیں متعارف کروانا ہے، جو بلا شبہ ہمارے طلباء کی مجموعی قدروقیمت میں اہم کردار ادا کرے گا۔
چیتے کے سی او او محسن قریشی نے کہا کہ چیتے، پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں اپنی موجودگی کے ساتھ، تیزی سے ترقی کرنے والے ای کامرس پلیٹ فارمز میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور پاکستانی نوجوانوں کے لیے کام کے مواقع پیدا کرنے پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔ اس حکمت عملی کی عکاس ٹیوٹا کے ساتھ ہونے والا معاہدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے پانچ سال میں ہم نوجوان افراد کے لیے 50،000 ملازمتیں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
مزید پڑھیں: بورڈ آف انٹرمیڈیٹ حیدر آباد کے نتائج میں 99 فیصد طلبا کامیاب
دونوں اداروں کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت چیتے، ٹیوٹا کے تربیت یافتہ طلباٗ کو ترجیحی مواقع فراہم کرے گا، ٹیوٹا طلباء کے لیے آگاہی سیشنز منعقد کرے گا اور باورچی خانے سے متعلق تجارت کے گریجویٹس کو چیتے ویب سائٹ کے ذریعے ہوم فوڈ اسٹور کھولنے کے لیے معاونت اور ٹیوٹا کے طلباٗ کو کاروباری سیشنز مہیا کرے گا۔