سندھ میں امتحانی مراکز میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی
سندھ میں امتحانی مراکز میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مشیر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے امتحانی مراکز میں بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کے عملے، سپرنٹنڈنٹس، سپر وائزرز، ممتحن، اساتذہ اور طلبہ کے لیے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔
امتحانی مراکز میں موبائل فون لے جانے یا کسی اور ذریعے سے انٹرنیٹ استعمال کرنے پر مکمل پابندی ہوگی۔ بورڈ کے عملے، ممتحن، بیرونی اور اندرونی معائنہ کاروں اور طلبا کو امتحانی مراکز کی حدود میں ہی موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
مزید پڑھیئے: دو اور 4 سالہ ڈگری کا معاملہ: ایچ ای سی نے گمراہ کن خبروں کو مسترد کردیا
انہوں نے امتحانی مراکز کے منتظمین کو ہدایت کی کہ امتحان شروع ہونے سے پہلے بورڈ کے عملے اور طلبہ کی جامہ تلاشی لیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگر مرکز کے اندر کوئی موبائل فون ملا تو اسے سیز کردیا جائے گا۔
نثار کھوڑو نے یقین دہانی کرائی کہ امتحانات کے پرچے لیک ہونے کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور جلد ہی ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ انتظامیہ اور پولیس امتحانی مراکز کی حدود میں دفعہ 144 کو سختی سے نافذ کریں۔ نقل کے کلچر کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امتحانات میں غیر منصفانہ اور غیر قانونی ذرائع کو ختم کرنا ہوگا۔