وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود ایک بار پھر کورونا کا شکار ہوگئے
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود ایک بار پھر کورونا کا شکار ہوگئے
وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے جمعرات کو بتایا کہ ان کا دوسری بار کووڈ کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ بدقسمتی سے میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ میری علامات اب تک معمولی ہیں اور میں ٹھیک محسوس کر رہا ہوں۔ انہوں نے لکھا کہ امید ہے کچھ آرام کے ساتھ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔
انہوں نے عوام سے ہر وقت ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے سمیت تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی۔
وفاقی وزیر تعلیم کا اس سے قبل مئی 2021 میں کورونا کا مثبت ٹیسٹ آیا تھا تاہم کچھ روز کے آرام، علاج اور احتیاطی تدابیر کے باعث وہ جلد صحتیاب ہوگئے تھے۔
جمعرات کی صبح جاری کیے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)
کے اعداد و شمار کے مطابق، پاکستان میں 15 ستمبر 2021 کے بعد پہلی بار حالیہ 24 گھنٹوں میں 3,000 سے زیادہ کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق، ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3,019 نئے کیسز کا اضافہ ہوا، جس سے ملک میں کورونا کے کیسز کی کُل تعداد 1.31 ملین ہوگئی۔ کووڈ کی مثبت شرح کا تناسب بڑھ کر 6.12 ہو گیا ہے، جو گذشتہ چار مہینوں میں سب سے زیادہ ہے، انفیکشن کی شرح آخری بار 8 ستمبر 2021 کو اس سے زیادہ ریکارڈ کی گئی تھی۔