این سی او سی کے احکامات کی خلاف ورزی، اسکولوں کو انتباہ جاری
این سی او سی کے احکامات کی خلاف ورزی، اسکولوں کو انتباہ جاری
(مانسہرہ) ضلعی انتظامیہ نے نجی تعلیمی اداروں کے مالکان کو ایک سخت انتباہ جاری کیا ہے کہ اگر وہ اسکولوں اور کالجوں کی بندش کے بارے میں حکومتی احکامات کی تعمیل نہیں کرتے ہیں تو انہیں سخت قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مزید پڑھیں: خود کو ڈگری کا تصدیقی ایجنٹ ظاہر کرنے والوں کے خلاف ایچ ای سی کا انتباہ
پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک کے زیر اہتمام اسکولز اور کالجز کے اسٹیک ہولڈرز کے ایک اجلاس میں بات چیت کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر جواد صدر مروت نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ کچھ اسکول مڈل اور پرائمری سیکشنز کو معمول کے مطابق چلا رہے ہیں جو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے، جس کے نتیجے میں سخت کارروائی کی جائے گی۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر قاسم علی خان نے نجی اسکولوں کے پرائمری اور مڈل سیکشنز کو دوبارہ کھولنے کا خصوصی نوٹس لیا تھا کیونکہ ضلع میں کوروناوائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر جواد مروت نے خبردار کیا کہ ہم صرف ان اسکولوں کو بند نہیں کریں گے جو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے رہے ہیں، بلکہ اگر مڈل اور پرائمری سیکشن کام کرتے رہے تو ہم ان کے خلاف چارہ جوئی بھی کریں گے۔
مزید پڑھیں: فزیکل امتحانات کے خلاف درخواست پر حکومت کا عدالت میں جواب جمع
دوسری جانب پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک (پین) کے صدر پروفیسر محمد پرویز نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم کووڈ کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے این سی او سی کے ایس او پیز کے مطابق تمام ضروری وسائل اور امداد بھی فراہم کرے گی۔