مڈل اسکولز آج سے دوبارہ کھول دیئے جائیں گے، وفاقی وزیر تعلیم

مڈل اسکولز آج سے دوبارہ کھول دیئے جائیں گے، وفاقی وزیر تعلیم

مڈل اسکولز آج سے دوبارہ کھول دیئے جائیں گے، وفاقی وزیر تعلیم

 وفاقی حکومت نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ سندھ کے علاوہ ملک بھر کے مڈل اسکولز آج (بدھ) سے شیڈول کے مطابق دوبارہ کھول دیئے جائیں گے۔

یہ فیصلہ کورونا وائرس کے نئے کیسز میں کمی کے بعد کیا گیا ہے، جس سے تعلیمی اداروں کی طویل بندش کا اختتام ہوجائے گا جس کی وجہ سے امتحانات منسوخ ہوئے اور متعدد اداروں کی طرف سے آن لائن کلاسز کا نظام متعارف کرایا گیا۔

وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے منگل کے روز اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ کووِڈ انفیکشن کی شرح یکساں ہے تاہم حکومت سندھ نے کہا ہے کہ انہیں حتمی فیصلہ لینے کے لیے مزید ایک ہفتے کی ضرورت ہے۔ اس نیوز کانفرنس میں وزیر اعظم کے معاون برائے ہیلتھ سروسز ڈاکٹر فیصل سلطان بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: پنجاب بورڈ نے انٹر کے سالانہ امتحانات 2020 کے نتائج کا اعلان کردیا

انہوں نے کہا کہ چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعت کے طلباء آج سے پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے اسکولوں میں واپس آجائیں گے، تاہم آزاد جموں و کشمیر کے ضلع راولاکوٹ کو کچھ مسائل کی بنا پر استثنیٰ دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ صوبہ سندھ نے مڈل اسکولز کی کلاسیں دوبارہ کھولنے میں ایک ہفتہ کی تاخیر کردی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم مڈل کلاسز کو دوبارہ کھولنے کے بارے میں متفقہ فیصلہ کرنا چاہتے تھے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو دوبارہ سے کھولنے کے ساتھ آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ ہائی اسکول، کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہونے کے بعد سے کووِڈ انفیکشن میں اضافہ نہیں ہوا۔

اس سے قبل وفاقی وزیر تعلیم نے 7 ستمبر کو ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ 15 ستمبر کو اعلیٰ تعلیمی ادارے اور سینئر اسکولز کی کلاسیں دوبارہ کھلیں گی، کلاس چھ سے آٹھ تک 23 ستمبر کو دوبارہ کھلیں گی اور 30 ​​ستمبر کو پرائمری کلاسیں دوبارہ شروع ہوں گی۔

مزید پڑھیں: سندھ میں سیکنڈری کلاسز کا آغاز 28 ستمبر سے ہوگا

وزیر تعلیم نے خبردار کیا کہ کورونا سے بچائو کے حفاظتی اقدامات پر عمل نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔

گذشتہ ماہ کے اوائل میں پاکستان نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بند کیے جانے کے بعد پانچ ماہ کے بعد پہلی بار جم، سیلونز اور ریسٹورانٹس وغیرہ کھولے تھے۔

وفاقی وزیرتعلیم نے مشکل وقت میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے پر طلبا کے والدین سے اظہار تشکر کیا، انہوں نے اساتذہ اور اسکول انتظامیہ سے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرنے اور تعلیمی اداروں میں انسداد کووِڈ  کے لیے جاری ایس او پیز کی تعمیل کو یقینی بنانے کی بھی اپیل کی۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©️ 2021 کیمپس گرو