شفقت محمود کی اکتوبر میں اسکول دوبارہ کھولنے کے سلسلے میں "جھوٹی خبروں" پر تنقید
شفقت محمود کی اکتوبر میں اسکول دوبارہ کھولنے کے سلسلے میں "جھوٹی خبروں" پر تنقید
وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ان کے نام سے بنائے گئے جعلی اکائونٹس کے ذریعے اکتوبر میں اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کی جھوٹی خبریں پھیلائی جارہی ہیں۔ 4 ستمبر کو علی الصبح انہوں نے اپنے اکائونٹ سے ایک ٹویٹ کیا جس میں کہا گیا کہ ان کے نام سے بنائے گئے جعلی اکائونٹس سے جھوٹی اور بے بنیاد خبریں پھیلائی جارہی ہیں کہ اکتوبر سے پہلے اسکولز کو نہیں کھولا جائے گا جو کہ سچ نہیں ہے۔ وہ ان جھوٹی اور بے بنیاد خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کے بارے میں حتمی فیصلہ 7 ستمبر کو ہونے والے وزرائے تعلیم کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 15 ستمبر سے تعلیمی اداروں کو مرحلہ وار کھولنے کے بارے میں فیصلہ کرنے کے لیے وزرائے تعلیم 7 ستمبر کے اجلاس میں اکٹھے ہوں گے۔
اس سے پہلے جولائی میں وفاقی حکومت نے ملک میں وبائی صورتحال کی بنا پر بند ہونے والے اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کے لیے 15 ستمبر کی عارضی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔ وفاقی وزیرتعلیم کا کہنا تھا کہ وزراء ایس او پیز پر عمل در آمد کو یقینی بنانے کے ذمہ دار ہوں گے جبکہ اسکولوں کو حکومت اور صوبائی وزارتوں کے ذریعے دی گئی گائیڈ لائنز پر عمل کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
اس سے قبل اگست میں ہونے والے ایک اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ ستمبر کے وسط سے پہلے کوئی تعلیمی ادارہ نہیں کھولاجائے گا جبکہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے یکم ستمبر کو اسکول کھولنے کی تجویز کو بھی مسترد کردیا گیا تھا۔
دوسری جانب سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ 15 ستمبر سے قبل کسی اسکول کو کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اگر کسی اسکول نے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کی تو اس کا لائسنس کینسل کردیا جائے گا۔