سندھ حکومت کی اولین ترجیح تعلیمی سلسلے کو بحال کرنا ہے، صوبائی وزیرتعلیم

سندھ حکومت کی اولین ترجیح تعلیمی سلسلے کو بحال کرنا ہے، صوبائی وزیرتعلیم

سندھ حکومت کی اولین ترجیح تعلیمی سلسلے کو بحال کرنا ہے، صوبائی وزیرتعلیم

سندھ کے وزیر تعلیم و ثقافت سردار علی شاہ نے سندھ بھر میں بڑی تعداد میں طلبہ کے اسکولوں سے باہر ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے محکمہ تعلیم کو صوبے بھر میں ٹینٹ اسکول قائم کرکے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں جس کے بعد عمرکوٹ میں پہلا ٹینٹ اسکول قائم کردیا گیا ہے۔ سردار علی شاہ نے اپنے آبائی شہر عمرکوٹ میں پہلے ٹینٹ اسکول کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بارشوں اور سیلاب سے صوبے بھر کے تعلیمی ادارے بھی متاثر ہوئے ہیں اور ان کے بند ہونے کی وجہ سے 25 لاکھ سے زائد طلبہ تعلیم سے دور ہوچکے ہیں اور وہ اسکولوں سے باہر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ پہلے ہی کورونا کی وجہ سے سندھ میں بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی اور اب سیلاب کے باعث بھی ویسی ہی تشویشناک صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شدید بارشوں اور سیلاب سے صوبے کے تعلیمی اداروں کی عمارتیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں، جس میں متعدد عمارتیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئی ہیں جب کہ بہت سارے تعلیمی اداروں میں پانی اب تک کھڑا ہے۔

سردار شاہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے سیکریٹری تعلیم سمیت دیگر اعلیٰ حکام کو تعلیمی اداروں کی عمارتوں کو پہنچنے والے نقصان کا سروے کرنے کے احکامات بھی جاری کردیے ہیں جب کہ حکام کو تمام اضلاع میں ٹینٹ اسکول قائم کرکے تعلیمی سلسلے کو بحال کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

عمر کوٹ میں ٹینٹ اسکول کا افتتاح کرنے کے بعد وزیر تعلیم بچوں میں گھل مل گئے اور انہوں نے بچوں کو نصاب میں شامل مشہور سندھی نظم بھی پڑھوائی۔

متعلقہ بلاگس

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©️ 2021 کیمپس گرو