امتحانی پرچے میں مہاجروں سے متعلق متنازع سوال دینے والا ٹیچر بلیک لسٹ
امتحانی پرچے میں مہاجروں سے متعلق متنازع سوال دینے والا ٹیچر بلیک لسٹ
سندھ ٹیکنیکل بورڈ نے امتحانی پرچے میں مہاجرین سے متعلق متنازع سوال شامل کرنے والے ٹیچر کو بلیک لسٹ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کراچی کے تحت ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئرنگ (ڈی اے ای) کے تیسرے سال کے لئے ہونے والے اسلامیات/مطالعہ پاکستان اور اخلاقیات کے پرچے میں سوال کیا گیا تھا کہ ’مہاجرین کی آمد سے پیدا ہونے والے مسائل تحریر کریں‘۔
چیئرمین ٹیکنیکل بورڈ ڈاکٹر مسرور شیخ نے ایکسپریس نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اس سوال کے معاملے پر امتحانی سینٹراور موڈریٹر کے خلاف سخت کارروائی کر کے ان کو بلیک لسٹ کردیا ہے اور ناظم امتحانات گل محمد کُنڈ کو ہدایت دی ہے کہ اب جو بھی پرچہ پیپر سیٹر بنائے گا اس کی پہلے چیکنگ کی جائے۔
چئیرمین بورڈ کے مطابق موڈریٹر کوبھی اس کے متعلق احکامات جاری کردیے ہیں تاکہ ایسی کوئی بھی غفلت دوبارہ نہ ہو، ان کا مزید کہنا تھا کہ اب ہر پرچہ کھول کر دیکھا جائے گا اور اس بات کا سختی سے خیال رکھا جائے گا۔
دوسری جانب بورڈ کی طرف سے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کے لیے باقاعدہ نوٹیفکیشن نکالنے کے بجائے سرکلر نکالنے پر اکتفا کیا گیا ہے، سرکلر میں ان افراد کے نام بھی شامل نہیں ہیں جن کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
اس معاملے پر سوشل میڈیا پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے صارفین کی جانب سے کہا گیا کہ طلبہ سے سوال یہ کیا جاتا کہ مہاجروں کو پاکستان آنے کے بعد کن مسائل کا سامنا کرنا پڑا مگر اس سوال کو متنازع بنادیا گیا۔