خواتین کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے ٹرک آرٹ کا استعمال
خواتین کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے ٹرک آرٹ کا استعمال
پہلی نظر میں یہ عام پاکستانی گاڑیاں لگتی ہیں، جو مختلف رنگوں میں رنگی ہوئی اور طرح طرح کی آرائشی اشیا سے سجی ہوئی ہیں۔ یعنی جب تک کوئی گاڑیوں کے پچھلے حصے کا جائزہ نہیں لیتا اسے پتہ نہیں چلتا کہ پاکستان کے روایتی ٹرک آرٹ کو خواتین کی تعلیم کے فروغ کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔
خواتین اور لڑکیوں کی تصاویر، جو ایک الگ اور طاقتور پیغام کی نمائندگی کرتی ہیں، انہیں ہر ٹرک کے پیچھے ٹرک آرٹسٹ حیات خان نے پینٹ کیا ہے۔
گزشتہ 45 سال سے، حیات خان نے ٹرکوں کے عقبی حصے پر مشہور سپر اسٹارز کی واضح تصویریں ان مالکان کے مطالبے پر پینٹ کی ہیں جو اپنی گاڑیوں کو دوسروں سے الگ اور منفرد بنانا چاہتے ہیں۔
اس سے پہلے ان تصاویر میں فلمی ستاروں سے لے کر فوجی جرنیلوں تک کی تصاویر شامل تھیں۔ مگر اب اس ٹرک آرٹ کو خواتین کی تعلیم کے فروغ کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔
حیات خان، جو پانچ بچوں کے والد ہیں، اپنے بے حد مقبول ٹرک آرٹ کے ذریعے اس اقدام کی حمایت کرتے ہیں، وہ تسلیم کرتے ہیں کہ شروع میں یہ آسان نہیں تھا، خاص طور پر چونکہ انہیں مقامی ٹرک مالکان کو اپنی ترجیحات کو تبدیل کرنے کے لیے قائل کرنا پڑا اور ایسے پیغامات کا انتخاب کرنا پڑا جو لوگوں کو سوچنے کی ترغیب دیں۔
مثال کے طور پر ایسے پیغامات جیسے تعلیم طاقت ہے اور تعلیم روشنی ہے، جو ان کے خیال میں تمام بچوں اور خاص طور پر (لڑکیوں) خواتین تک پہنچائی جانی چاہیے۔
اپنے فن کے نتیجے میں، وہ عام لوگوں کو حساس معاملات جیسے کہ وراثت میں عورت کے حق اور گھریلو تشدد کے خلاف بات کرنے کے بارے میں آگاہ کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
جب ایک ٹرک ڈرائیور نے اس سے اپنے چار آئل ٹینکرز کو اسی طرح کے پیغامات سے سجانے کے لیے کہا تو حیات خان کو اپنی کاوشوں کی کامیابی کا پتہ چلا۔
ٹرک ڈرائیور عبدالکریم نے کہا کہ یہ ایک بالکل نئی چیز تھی جس نے میری توجہ مبذول کرائی۔
ٹرک ڈرائیور عبدالکریم نے مزید کہا کہ مجھے ایک نوجوان لڑکی کی تصویر اچھی لگتی ہے جو ایک بڑے سبز درخت کے نیچے سے گزر کر اسکول جاتی ہے جس کے ہاتھ میں کتابیں اور ایک اسکول بیگ ہے۔
ان کا کہنا تھا مجھے یقین ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی گاڑیوں (ٹرکوں) کے ذریعے کچھ اہم پیغامات کی ترسیل کرسکتے ہیں اور ہمیں چاہیے کہ اس کے ذریعے ہم ملک کے دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی رہنمائی کریں۔
ٹرک آرٹسٹ حیات خان اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ چونکہ ٹرک دور دراز کے مقامات کا سفر کرتے ہیں، اس لیے وہ کسی سماجی مقصد یا مسئلے کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ہیں۔