ملازمت کے انٹرویو میں تازہ گریجویٹس سے سب سے زیادہ پوچھے جانے والے سات سوالات
ملازمت کے انٹرویو میں تازہ گریجویٹس سے سب سے زیادہ پوچھے جانے والے سات سوالات
ایک تازہ گریجویٹ کے طور پر آپ کو اپنے جاب انٹرویو کے لیے اچھی طرح سے تیار رہنے کی ضرورت ہے، آپ کو اندازہ ہونا چاہیے کہ آپ کے انٹرویو میں کیا کیا پوچھا جا سکتا ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ ان تمام سوالات کا صحیح جواب کیسے دیا جائے۔
جیسے ہی آپ کا انٹرویو طے ہوتا ہے آپ کو چاہیے کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ نے جس ادارے میں ملازمت کی غرض سے درخواست دی ہے اس کے بارے میں کچھ معلومات بھی حاصل کریں اور اس پوزیشن کے بارے میں بھی آپ کو کچھ نہ کچھ پتہ ہونا چاہیے جس پر فائز ہونے کے لیے آپ نے درخواست دی ہے۔
آپ خواہ وہ کسی بھی شعبے میں ملازمت کا ارادہ رکھتے ہوں یا کسی ادارے کا کوئی بھی شعبہ اور کوئی بھی عہدہ ہو، درج ذیل سوالات سب کے لیے مددگار ثابت ہوں گے کیونکہ ملازمت کے انٹرویو کے دوران یہ سب سے زیادہ پوچھے جانے والے سوالات ہیں۔
ہمیں اپنے بارے میں کچھ بتائیں؟
آپ نے اس عہدے کے لیے درخواست کیوں دی؟
کیا آپ کے پاس پہلے سے اس طرح کے کام کا کوئی تجربہ ہے؟
آپ کے مشاغل کیا ہیں؟
ہم اپ کو ملازمت پر کیوں رکھیں؟
آپ کو کتنی تنخواہ کی توقع ہے؟
کیا آپ کے ذہن میں کوئی سوال ہے؟
یہ اکثر پوچھے جانے والے سوالات ان بنیادی باتوں کا احاطہ کرتے ہیں جو ملازمت پر رکھنے والے ادارے کی طرف سے پوچھے جاتے ہیں، کیونکہ مینجرز ہر امیدوار کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔
جیسے کہ آپ کون ہیں، آپ اس نوکری کے لیے موزوں کیوں ہیں اور آپ کے پاس کون سی مہارت یا صلاحیت ہے جس کی بنیاد پر آپ کو یہ مخصوص ملازمت فراہم کی جائے۔
ہو سکتا ہے آپ سے یہ سوالات اس طرح قطعی اصطلاحات میں نہ پوچھے جائیں یا سوال کو گھما پھرا کر آپ سے پوچھا جائے، لیکن اگر آپ کے پاس جوابات تیار ہیں، تو آپ کا انٹرویو لینے والا آپ سے جو بھی پوچھے گا اس کے لیے ذہنی طور پر پہلے سے ہی آپ تیار ہوں گے۔
اپنے بارے میں کچھ بتائیں؟
انٹرویو شروع کرنے کے لیے یہ سب سے زیادہ پوچھا جانے والا سوال ہے، یہ آسان لگتا ہے لیکن آپ کو اس کے لیے تیار رہنا ہوگا، اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ بہت زیادہ یا بہت کم نہ بولیں کیونکہ وہ آپ کی پوری زندگی کی کہانی سننے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ انہیں اپنے بارے میں بتاتے ہوئے اپنی قابل ذکر کامیابیوں کے ساتھ اپنی ذاتی معلومات اور تعلیمی پس منظر پر تھوڑی سی روشنی ڈالیں۔
آپ نے اس عہدے کے لیے درخواست کیوں دی؟
اس سوال کا جواب آسانی سے بھرتی کرنے والے ادارے کے ذریعہ بیان کردہ ملازمت کی تفصیل کی مدد سے دیں۔
کسی بھی اہم کام، اہداف یا ضروریات کا تذکرہ کریں جو آپ کو اہم معلوم ہوں۔
انہیں یہ پتہ چلنا چاہیے کہ کس طرح یہ پوزیشن آپ کی مہارت یا ہنرمندی کے لیے ایک بہترین جگہ ہے اور آپ کے پیشہ ورانہ عزائم کے عین مطابق ہے۔ اس کے علاوہ انٹرویو میں اس بات کا خاص طور پر خیال رکھیں کہ پیسے کے موضوع کو درمیان میں نہ لائیں۔ یہاں تک کہ اگر اپنے گھر کے بلوں کی ادائیگی اس نوکری کے لیے درخواست دینے کے لیے آپ کا بنیادی محرک تھا تو آپ کو وہاں کبھی بھی اس کا ذکر نہیں کرنا چاہیے۔
کیا آپ کے پاس پہلے سے اس کام کا کوئی تجربہ ہے؟
ایک تازہ گریجویٹ ہونے کے ناطے یہ واضح ہے کہ آپ کو ایسا کوئی تجربہ نہیں ہوگا اس لیے یہاں آپ کو جس تجربے کا ذکر کرنے کی ضرورت ہے وہ آپ کو اسکول یا کالج کے دوران ہونے والا سابقہ تجربہ ہے، اس میں وہ اضافی ہم نصابی سرگرمیاں شامل ہیں جن میں آپ نے حصہ لیا، کوئی بھی جز وقتی ملازمت اگر آپ کے پاس کوئی تھی، آپ کے انٹرن شپ کے تجربے کے ساتھ یہاں ذکر کیا جا سکتا ہے۔
اہداف اور ریکارڈ کے ساتھ اپنی پچھلی کامیابیوں کا خلاصہ کرنے کی کوشش کرنے پر توجہ مرکوز کریں تاکہ آپ کا ردعمل مینجرز کو مزید نمایاں نظر آئے۔
ساتھ ہی اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ اچھے درجات پر توجہ مرکوز نہیں کرتے ہیں، صرف اس وقت اس کا ذکر کریں جب آپ سے اس کے بارے میں پوچھا جائے کیونکہ بھرتی کرنے والا آپ کی عملی تعلیم اور علم و فضیلت میں زیادہ دلچسپی رکھتا ہے۔
آپ کے مشاغل کیا ہیں؟
جب آپ سے آپ کے مشاغل کے بارے میں پوچھا جائے تو الجھن میں نہ پڑیں بلکہ اس بجائے آپ کو چاہیے کہ اس کے لیے تیار رہیں کیونکہ یہ سوال آپ کے مشاغل کی بنیاد پر آپ کی شخصیت کا تجزیہ کرنے کے لیے بھرتی کرنے والے ادارے کی جانب سے ہر دوسرے انٹرویو میں پوچھا جا سکتا ہے۔
جس وقت آپ سے یہ سوال پوچھا جائے تو آپ کو چاہیے کہ اس کا ایمانداری سے جواب دیں، آپ کو ایسے کسی ایسے شوق یا مشغلے کا ذکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے جس میں آپ حقیقت میں شامل نہیں ہیں۔
جب تک کہ آپ کسی ایسے عہدے کے لیے درخواست نہیں دے رہے ہیں جہاں آپ جانتے ہوں کہ اس طرح کے جوابات مناسب ہیں، کسی بھی سیاسی، مذہبی اور ایسی کسی بھی سرگرمی سے گریز کریں جو آپ کے بارے میں منفی تاثر پیش کرے۔
ہم اپ کو ملازمت پر کیوں رکھیں؟
یہ سوال اپنے آپ کو اور اپنی صلاحیتوں کو فروغ دینے کا ایک اچھا موقع ہے۔
آپ کو ایک جواب کے ساتھ آنے کی ضرورت ہے جس میں نہ صرف آپ کے کام کو انجام دینے کی صلاحیت پر توجہ مرکوز کی جائے بلکہ یہ بھی ہو کہ آپ کس طرح اچھے نتائج پیدا کرنے کے اہل ہیں جو تنظیم یا ادارے کے لیے فائدہ مند ہوں گے۔
آپ اپنی ایسی خصوصیات یا تجربات کو اجاگر کر سکتے ہیں جو آپ کو دوسرے امیدواروں سے ممتاز کرتے ہوں اور ان خصوصیات پر زور دیں جو آپ کو کمپنی کی ثقافت اور پوزیشن کی بنیاد پر صحیح امیدوار بناتی ہیں۔
آپ کو کتنی تنخواہ کی توقع ہے؟
اس سوال کا جواب دیتے وقت یاد رکھنے والی سب سے اہم بات یہ ہے کہ آپ اپنی تنخواہ کی ضروریات کا پہلے سے تعین کریں۔
جاب انٹرویو کے لیے جانے سے قبل کچھ تحقیق کریں کہ ایسے ملتے جلتے ادارے اس پوسٹ کے لیے جہاں آپ ملازمت اختیار کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، کیا تنخواہ ادا کرتے ہیں۔ اپنے تجربے، تعلیم، صلاحیتوں اور ذاتی ضروریات کو مدنظر رکھنا نہ بھولیں۔
ایک تازہ گریجویٹ ہونے کے ناطے اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ نے اس پوزیشن کے لیے تازہ گریجویٹس کو مارکیٹ میں پیش کی جانے والی تنخواہ کی حد کا جائزہ لیا ہے جس کے لیے آپ نے درخواست دی ہے۔
ایک بار جب آپ کو تنخواہ کے بارے میں خیال آتا ہے۔ آپ اپنی متوقع تنخواہ کا تذکرہ اپنی بیان کردہ حد سے تھوڑا اوپر نیچے کر سکتے ہیں جس کا آپ واقعی مقصد کر رہے ہیں۔
اگر آپ تنخواہ کی حد کا اندازہ لگانے کے قابل نہیں ہیں اور الجھن میں ہیں تو آپ صرف سوال کو پلٹ سکتے ہیں اور انٹرویو لینے والے سے براہ راست اس کردار کے لیے تنخواہ کی حد کا اشتراک کرنے کے لیے کہہ سکتے ہیں، کیونکہ آپ کے پاس زیادہ تجربہ نہیں ہے اس لیے آپ کی مہارت اور تجربے کی بنیاد پر ایک رینج پیش کرنے کے لیے آپ ان سے توقع رکھتے ہیں۔
کیا آپ کے ذہن میں کوئی سوال ہے؟
یہ سب سے زیادہ امکان ہے کہ انٹرویو لینے والے کا پوچھا گیا آخری سوال ہو، یہ انٹرویو لینے والے پر اظہار خیال کرنے کی آخری کوشش ہونے جا رہی ہے اور آپ کے لیے یہ فیصلہ کرنے کا ایک موقع بھی ہے کہ آیا یہ وہ صحیح کام ہے جس کی آپ تلاش کر رہے ہیں۔
اس لیے آپ کے ذہن میں کچھ سوالات ضرور ہوں گے جو آپ کے کردار، شعبہ یا کمپنی سے متعلق ہو سکتے ہیں اور امکان ہے کہ انٹرویو کے دوران ان میں سے کچھ کا جواب دیا جائے تاکہ آپ انٹرویو کے دوران ذہن میں آنے والے کوئی بھی سوال پوچھ سکیں یا کچھ بھی جو آپ کام کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں۔
اگر آپ کو لگتا ہے کہ انٹرویو کے دوران آپ کے ذہن میں موجود سوالات کا جواب پہلے ہی دے دیا گیا ہے تو آپ اب بھی ایک یا دو سوالات کے ساتھ آسکتے ہیں تاکہ یہ آپ کی دلچسپی اور تیاری کو ظاہر کر سکے۔
تمام تازہ گریجویٹس انٹرویو دینے کے لیے اپنی تیاری شروع کریں اور اعتماد کے ساتھ ان سوالات کا جواب دیں، اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ انٹرویو کے لیے وقت پر پہنچ جائیں۔ اس سے آپ کو ملازمت دینے والے ادارے کے لیے فیصلہ کرنا آسان ہو جائے گا، جو آپ کے حق میں ہو گا۔