کام کے دوران توجہ بٹانے والی چیزوں سے کیسے نمٹا جائے
کام کے دوران توجہ بٹانے والی چیزوں سے کیسے نمٹا جائے
آپ مطالعہ کرنے کی کوشش کر رہے ہوں، خاص طور پر جب کہ ڈیڈ لائن بھی قریب ہو اور آپ کے پاس پڑھائی جاری رکھنے کے سوا کوئی دوسرا آپشن بھی نہ ہو تب ایسی چیزیں جو کہ پڑھائی سے آپ کا دھیان ہٹانے کا باعث بنیں بہت پریشان کرتی ہیں۔ اس وقت ایسا لگتا ہے کہ پڑھائی کے علاوہ باقی سب کچھ دلچسپ ہے۔ یہاں تک کہ دیوار کو دیکھنا بھی ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کوئی بہت ہی زبردست کام ہو۔ دن بھر میں بار بار موبائل کے نوٹیفکیشن چیک کرنے سے بھی ہمارا دھیان بٹتا ہے۔۔ ایک جگہ پر توجہ مرکوز رکھنے اور اسے بہتر بنانے کے لیے بہت سی ایسی چیزیں ہیں جو ہر طالب علم اور پیشہ ور افراد اپنی زندگی میں اپنا سکتے ہیں۔
مراقبہ
مراقبہ ایک ایسا عمل ہے جو دنیا کے بہت سارے کامیاب پیشہ ور افراد روٹین میں کرتے ہیں۔ یہ ایک ایسی حالت ہے جب صرف ایک چیز پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے۔ (خاص طور پر آپ کی سانس) اور اگر آپ کا دھیان بٹنے لگے تو سانس پر اپنی توجہ دوبارہ واپس لاتے ہیں۔۔ ایسا کرنے سے آپ کو پریشانی، ذہنی دبائو اورافسردگی سے نجات ملے گی۔ تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ یہ آپ کے شعور میں بھی اضافہ کرسکتا ہے اور آپ کی سوچ کو بھی فروغ دیتا ہے۔
صبح اٹھنے کے بعد اپنا فون چیک نہ کریں
یہ آپ کو سننے میں عجیب لگے گا مگر جب آپ اٹھتے کے ساتھ ہی اپنا فون اٹھاتے ہیں اور چیک کرتے ہیں بنا سوچے سمجھے کے کہ کوئی نوٹی فکیشن آیا ہے کہ نہیں۔ یہ بہت سے ماہر نفسیات اور نیورو سائنس دانوں کا مشورہ ہے کہ صبح اٹھتے ہی اپنا فون دیکھنے سے گریز کریں۔۔۔ کیونکہ جاگنے کے بعد آپ کے دماغ کا انرجی لیول بلند ترین سطح پر ہوتا ہے اور جیسے ہی آپ سیل فون استعمال کرتے ہیں تو وہ انرجی لیول ایک دم سے گرنا شروع ہوجاتا ہے۔
انٹرنیٹ استعمال کرنے کیلئے وقت کا تعین کریں
پرانے وقت کی بات کریں تو دس بیس سال پہلے لوگ خط کے ذریعے پیغامات وصول کرتے تھے جس کیلئے وہ روز صبح اپنا پوسٹ باکس اور ڈاک چیک کرتے تھے ۔۔ اب سوچئے کہ اگر کوئی شخص دن بھر اپنے پوسٹ باکس کو مستقل چیک کرتا رہے، تو اس وجہ سے وہ اپنے دوسرے تمام کاموں کو پیچھے چھوڑ دے گا۔ یہی کام سوشل میڈیا بھی کرتا ہے۔ لیکن اگر آپ انٹرنیٹ کو استعمال کرنے کیلئے خاص وقت متعین کرلیں، جیسے کہ ہر رات نو بجے یا کسی اور وقت کیلئے ایک گھنٹہ رکھ لیں تو اس سے نہ صرف آپ اپنے سوشل میڈیا کی لت سے نمٹنے کے قابل ہوسکیں گے بلکہ اپنے وقت کا نتیجہ خیز استعمال بھی کرسکیں گے۔
نوٹیفکیشن میوٹ کردیں
ہم سب کے پاس تین سے زیادہ سوشل میڈیا ایپس ہوتی ہیں، آپ کے فون میں جتنی زیادہ ایپیں ہوں گی اتنی ہی زیادہ اپ کے فون پر پیغامات کی گھنٹی بجے گی، اتنی ہی دفعہ ارتکاز ٹوٹے گا اور آپ کی پریشانی بڑھے گی۔ اگر آپ اپنے فون کی اطلاعی گھنٹی خصوصا سوشل میڈیا ایپس کے پیغامات کی آواز کو بند کردیں تو آپ کا دھیان بٹنے کے امکانات کافی حد تک کم ہوجاتے ہیں۔
اپنی زندگی کو منظم رکھیں
ہم میں سے بہت سے لوگ اپنے شیڈیول کو اہمیت نہیں دیتے، جبکہ بہت سے لوگ تو شیڈول بناتے ہی نہیں ہیں۔ ہمیں جب بھی نیند آتی ہے سو جاتے ہیں، جس بھی وقت کچھ کھانے کا دل کرتا ہے کھا لیتے ہیں۔ پھر بھی، ایک بار اگر ہر چیز کا اپنا وقت مقرر ہوگا تو زندگی بہت آسان ہوجاتی ہے۔ مخصوص وقت پر سونا اور وقت پر جاگنا آپ کی نیند کے انداز کو ٹھیک کر سکتا ہے اور آپ کی زندگی کو ایک سانچے میں ڈھال دے گا۔۔ تعلیم کیلئے وقت کا تعین کرنا آپ کی تعلیمی سرگرمیوں میں بھی بہت کارآمد ثابت ہوگا اورمطالعے کی مفید عادات کو فروغ دینے میں آپ کی مدد کرسکتا ہے۔
تو جناب یہ کچھ چیزیں ہیں جن پر عمل کرکے آپ اپنی زندگی کو زیادہ منظم اور زیادہ فعال بناسکتے ہیں۔