سندھ کی طرح ملک کے ہر صوبے میں طلبہ یونینز بحال کی جائیں، بلاول
سندھ کی طرح ملک کے ہر صوبے میں طلبہ یونینز بحال کی جائیں، بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بدھ کے روز کہا کہ نوجوان نسل پی ٹی آئی کی زیرقیادت وفاقی حکومت کو چیلنج کرنے اور ان پر مسلط نااہل اور ناجائز وزیراعظم کو ہٹانے کی غرض سے لڑنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
کراچی آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم میں سندھ پیپلز اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے زیراہتمام طلبہ کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایس پی ایس ایف کے ذمہ داران اور کارکنان نے برسوں کی غیر متزلزل اعصاب شکن جدوجہد کے ذریعے یونین بنانے کا حق حاصل کیا ہے جس سے سابق فوجی آمر جنرل ضیاءالحق نے طلبہ کو محروم رکھا تھا اور اب اپنے حقوق کے لیے وہ ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ووٹ دینے اور سیاست کرنے کا حق رکھنے والے نوجوان ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں سے زیادہ طاقتور ہیں کیونکہ وہ سارا منظر نامہ بدل سکتے ہیں جو ٹینک نہیں کر سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ یونینز ہمارا پہلا قدم ہیں اور جب طلبہ منظم ہوں گے تو اپنے اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کریں گے لیکن اگر پیپلز پارٹی کی حکومت ہوگی تو آپ خود حکومت چلائیں گے۔
اپنی پارٹی کے مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ہر ضلع میں نوجوانوں کے مراکز قائم کرے گی، ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کیریئر کائونسلنگ کے لیے جگہ فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ طالب علم ڈگری حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کرتے ہیں، لیکن پھر بھی انہیں کیریئر کائونسلنگ کی ضرورت ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کا 27 فروری کا مارچ پورے پاکستان میں طلبہ یونین کی بحالی کا مطالبہ پیش کرے گا۔