میٹرک اور انٹر کے امتحانات مئی جون میں لئے جائینگے، شفقت محمود
میٹرک اور انٹر کے امتحانات مئی جون میں لئے جائینگے، شفقت محمود
اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین (آئی بی سی سی) کے سیکریٹریٹ کا دورہ کیا، وفاقی وزیر تعلیم کے ہمراہ پارلیمانی سکریٹری وجیہہ اکرم، وفاقی سیکریٹری فرح حامد خان اور ایڈیشنل سیکرٹری محی الدین وانی بھی موجود تھے۔ بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر تعلیم نے یونیفارم اکیڈمک سیشن اگست 2021 میں شروع کرنے اور مئی جون میں امتحانات منعقد کرنے پر زور دیا۔
مزید پڑھیں: سندھ ہائی کورٹ کا اعلان، ایم ڈی کیٹ کے نتائج میں تاخیر متوقع
وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو پریکٹکل امتحانات کو موثر بنانے یا اس کا متبادل نظام لانے کی تاکید کی، انہوں نے ایم سی کیو امتحان اور ٹیکنالوجی پر مبنی مارکنگ کی خواہش بھی ظاہر کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان کی وزارت بورڈ کے تمام افسران اور ٹیچرز کو تربیت فراہم کرے گی۔ وفاقی وزیر تعلیم نے یہ بھی خواہش ظاہر کی کہ میٹرک اور انٹر کے پوزیشن ہولڈرز طلباء کو اسلام آباد میں مدعو کیا جائے گا تاکہ انہیں صدر مملکت سے ملاقات کا موقع فراہم کیا جاسکے۔ سیکریٹری آئی بی سی سی نے وزیر تعلیم کو بتایا کہ آئی بی سی سی نے تمام سروسز کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔
مزید پڑھیں: صوبائی حکومت نے کالجز کے لئے 1900 نئی اسامیوں کی منظوری دے دی
انہوں نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ یو اے این نمبر شروع کر دیا گیا ہے جبکہ ای پورٹل اور ویب سائٹ پر کام جاری ہے، وزیر تعلیم نے اس موقع پر نے ہدایت کی کہ آئی بی سی سی میں تمام سرگرمیوں کو جلد سے جلد نمٹانے کے لیے آئی ٹی پروفیشنلز کی مناسب تعداد مقرر کی جائے۔ ڈاکٹر غلام علی ملاح، سیکرٹری آئی بی سی سی نے ادارے کی موجودہ سرگرمیوں، مستقبل کی ترجیحات اور منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ جبکہ وفاقی وزیر تعلیم نے ادارے کی مجموعی کارکردگی کو سراہا اور اسے مزید عزم و ہمت کے ساتھ جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔