اسپیشل اسٹوڈنٹس کے لیے خوش خبری: مفت اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی راہ ہموار
اسپیشل اسٹوڈنٹس کے لیے خوش خبری: مفت اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی راہ ہموار
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن ایک پالیسی تیار کر رہا ہے جس کے تحت پوسٹ گریجویشن کلاسز میں جانے والے خصوصی طلباء کی فیسوں کو معاف کردیا جائے گا، ایسے طلبا کی امداد کے لیے پہلے ہی 50،000 سے زائد اسکالرشپس رکھی گئی ہیں، اس کے علاوہ ان کی بینکوں تک رسائی ممکن ہوگی۔ صدر مملکت نے معذور افراد اور بڑھتی عمر کے افراد کی مدد کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے فوائد بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
مزید پڑھیں: ہمارا مقصد اسکولوں میں صنفی تفریق کو ختم کرنا ہے، ایس بی ای پی
گورنر ہاؤس میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے اشتراک سے معذور افراد کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ معاون ٹیکنالوجی عالمی، علاقائی اور ریاستی سطح پر رکن ممالک کے عزم کو ظاہر کررہی ہے جو اس بات کی علامت ہے کہ دنیا بدل رہی ہے اور بہتری کی طرف بڑھ رہی ہے جس سے ایسے ضرورت مند افراد کے لیے ایک امید پیدا ہوئی ہے جنہیں معاون مصنوعات کی ضرورت تھی۔
صدرعارف علوی نے کہا کہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کے معذور افراد کے حقوق سے متعلق ایکٹ2020 جسے جامع ترقی کے لیے ایک آلے کے طور پر تصور کیا گیا تھا، اس کے تحت معاشرے کے دیگر افراد کے ساتھ ساتھ مساوی بنیادوں پر معذور افراد کے لیے بھی بنیادی سہولیات تک آسان رسائی کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے پاکستان کے عوام کی صحت اور فلاح و بہبود کے لیے ڈبلیو ایچ او کے ذریعے فراہم کردہ مستقل مدد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے کہ معذور افراد معاشرے کے تمام شعبوں میں اور ہر سطح پر بامعنی انداز میں شریک ہوں۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پائیدار ترقی کے لیے 2030 کا ایجنڈا ملک کے طول و عرض میں معذور افراد کو مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لیے ایک مضبوط فریم ورک فراہم کرتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ معاشرتی تحفظ پروگرام میں غربت کے خاتمے اور صحت کی دیکھ بھال، بحالی اور دیگر خدمات تک موثر رسائی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرنے کی بڑی صلاحیت ہے۔
مزید پڑھیں: یکساں تعلیمی نصاب سے پاکستان میں تعلیم کو فروغ ملے گا، شفقت محمود
صدر عارف علوی نے کہا کہ حکومت معذور افراد کو مالی طور پر بااختیار بنانے اور ان کی صلاحیتوں سے بھر پور فائدہ اٹھانے کے لیے تکنیکی، پیشہ ورانہ اور مہارت پر مبنی تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پہلے ہی معذور افراد کے لیے فی کس 2000 روپے ماہانہ وظیفہ دینے کا اعلان کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں تقریباً 20 لاکھ افراد مختلف قسم کی معذوریوں میں مبتلا ہیں جن میں سے تقریبا 3 لاکھ 30 ہزار نادرا کے پاس رجسٹرڈ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احساس سروے کے تحت غیر رجسٹرڈ معذور افراد کا ڈیٹا تیار کیا جارہا ہے تاکہ انہیں آسان شرائط پر قرض فراہم کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن ایک پالیسی تیار کررہا ہے جس کے تحت پوسٹ گریجویشن کرنے والے ایسے طلباء کی فیسوں کو معاف کیا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ ایسے طلباء کی امداد کے لیے پہلے ہی 50،000 روپے کی اسکالرشپس رکھی گئی ہیں، اس کے علاوہ ان افراد کی بینکوں تک رسائی ممکن ہوگی