سندھ ایچ ای سی کا 40 ملین روپے کے وظائف دینے کا اعلان

سندھ ایچ ای سی کا 40 ملین روپے کے وظائف دینے کا اعلان

سندھ ایچ ای سی کا 40 ملین روپے کے وظائف دینے کا اعلان

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایس ایچ ای سی) رواں مالی سال کے دوران سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں کے طلباء کو میرٹ کم ضرورت کی بنیاد پر چالیس ملین روپے کے وظائف سے نوازے گا۔

انہوں نے یہ بات ایس ایچ ای سی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے اسکالرشپ پروگرام کے تحت سرکاری یونیورسٹیوں کے طلباء کو بیچلرز ، ماسٹرز، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے کے لیے وظائف دیئے جائیں گے اور نجی یونیورسٹیوں کے طلباء کو ماسٹرز، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے کے لیے گرانٹ ملے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وظائف کے ایوارڈ کے لیے ڈیٹا جمع کرلیا گیا ہے۔

اسمارٹ کلاس رومز

علاوہ ازیں ایس ایچ ای سی کے چیئرپرسن ڈاکٹر عاصم حسین نے اجلاس کو بتایا کہ صوبائی ہائر ایجوکیشن کمیشن نے سندھ بھر کی سرکاری شعبوں کی یونیورسٹیوں میں اسمارٹ کلاس رومز قائم کرنے کا پروگرام شروع کیا ہے۔

وزیراعلیٰ کو اس معاملے پر بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کمیشن نے پہلے مرحلے میں سات یونیورسٹیوں میں اسمارٹ کلاس رومز قائم کرنے کے لیے فنڈز کی منظوری دے دی ہے۔ اس پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں اسمارٹ کلاس رومز کا تصور ایک جدید خیال ہے۔ موجودہ ماحول میں ای لرننگ اور آن لائن تعلیم وقت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے شیخ ایاز یونیورسٹی شکارپور، بیگم نصرت بھٹو ویمن یونیورسٹی سکھر، بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ اسکل ڈیولپمنٹ خیرپور، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد اور شہید اللہ بخش سومرو یونیورسٹی آف آرٹس، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیجز جامشورو کو چیک دیئے۔

سیمینارز کے لیے معاونت

اس کے ساتھ ساتھ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ تدریس اور تحقیق کی ثقافت کو وسعت اور فروغ دینے کے لیے ایس ایچ ای سی عوامی یونیورسٹیوں کو سیمینارز، کانفرنسز، ورکشاپس اور سمپوزیا کے انعقاد کے لیے مالی اعانت فراہم کررہا ہے۔

ایس ایچ ای سی کو نو یونیورسٹیوں سے معاونت کے لیے تجاویز موصول ہوئی ہیں اور نظرثانی کمیٹی کی سفارش پر سندھ یونیورسٹی جامشورو، این ای ڈی یونیورسٹی برائے انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، بیگم نصرت بھٹو ویمن یونیورسٹی سکھر ، شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز سکرنڈ اور یونیورسٹی آف صوفی ازم اینڈ ماڈرن سائنسز بھٹ شاہ کے لیے 8.8 ملین روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دوسری تجویز سے متعلق فیصلہ جلد ہی کیا جائے گا۔

لیب اور ریسرچ کے لیے فنڈز

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے آئی ٹی لیبز کے قیام کے لیے پانچ یونیورسٹیوں کے نمائندوں میں پانچ ارب روپے کے چیک بھی تقسیم کیے۔

شیخ ایاز یونیورسٹی شکارپور، بیگم نصرت بھٹو ویمن یونیورسٹی سکھر، بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ اسکل ڈیولپمنٹ خیرپور، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی  حیدر آباد اور بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری گرانٹ حاصل کرنے والی مختلف یونیورسٹیوں میں شامل ہیں۔

دوسری جانب سندھ یونیورسٹی جامشورو، کراچی یونیورسٹی، این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو، ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ، لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جامشورو ، شاہ عبدالطیف یونیورسٹی خیرپور، انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن سکھر، بیگم نصرت بھٹو ویمن یونیورسٹی سکھر اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد کے26 ریسرچ پراجیکٹس کے لیے45.7 ملین روپے کے چیک تقسیم کیے گئے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©️ 2021 کیمپس گرو