پی ایم سی نے میڈیکل طلباء کے لیے نئی داخلہ پالیسی جاری کردی
پی ایم سی نے میڈیکل طلباء کے لیے نئی داخلہ پالیسی جاری کردی
پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) نے ملک کے سرکاری و نجی طبی اداروں میں تمام خالی نشستوں کو پُر کرنے کے لیے ایک نئی پالیسی جاری کی ہے۔
جن کالجوں نے ابھی تک اپنے داخل شدہ طلباء کی فہرستیں اپ لوڈ نہیں کی ہیں، انہیں 18 فروری تک، پالیسی کے مطابق ایسا کرنا چاہیے۔
اس کے بعد خالی نشستیں مناسب طلباء کو پیش کی جائیں گی جنہیں کہیں اور قبول نہیں کیا گیا تھا، یہ نشستیں میرٹ کی بنیاد پر پیش کی جائیں گی اور طریقہ کار 28 فروری تک مکمل کر لیا جائے گا، اس پالیسی سے تقریباً 6,000 میڈیکل اسٹوڈنٹس کو فائدہ ہوگا۔
اس سے پہلے یہ اطلاعات تھیں کہ 2021-22 کے تعلیمی سال کے لیے میڈیکل اور ڈینٹسٹری کالجوں میں 5,800 سے زیادہ سیٹیں خالی تھیں جنہیں پُر کرنے کے لیے یہ پیشرفت ہوئی ہے۔
ایک سرکاری دستاویز کے مطابق سرکاری و نجی طبی اداروں میں 3,937 نشستیں اور سرکاری اور نجی ڈینٹل کالجوں میں 1,936 نشستیں خالی ہیں۔
پی ایم سی کے ایک اعلیٰ اہلکار کے مطابق، میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کو کئی بار تعلیمی سال 2021-22 کے اشتہارات، ٹیسٹوں اور نتائج کی تاریخوں سے آگاہ کیا گیا۔
رواں تعلیمی سال کے لیے داخلہ کے طریقہ کار کے اختتام کے باوجود، ادارے پی ایم سی کی ڈیڈ لائن کو پورا کرنے میں ناکام رہے، جس کے نتیجے میں کُل سیٹوں میں سے 5,873 (یا 28.31 فیصد) خالی رہ گئیں۔