نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی پاکستان پہنچ گئیں، سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گی
نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی پاکستان پہنچ گئیں، سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گی
ملالہ یوسفزئی اپنے والدین کے ہمراہ گزشتہ رات قطر ائیرلائن کی پرواز 604 کے ذریعے کراچی پہنچیں۔ ملالہ یوسفزئی کو سخت سیکورٹی میں ائیرپورٹ سے ان کے گھر پہنچایا گیا۔ ملالہ یوسفزئی پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کریں گی۔
سوات میں 2015 میں طالبان کے حملے میں زخمی ہونے کے بعد ملالہ یوسفزئی لندن چلی گئی تھیں۔ ملالہ کا انگلینڈ منتقل ہونے کے بعد گزشتہ دس سال میں یہ پاکستان کا دوسرا دورہ ہے۔
گزشتہ ماہ، ملالہ فنڈ نے سندھ اور بلوچستان کی سیلاب سے متاثرہ خواتین کو نفسیاتی مدد فراہم کرنے کے مقصد کے لیے انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (آئی آرسی) کو ہنگامی طور پر امدادی گرانٹ سے نوازا۔
اس کے علاوہ، یہ فنڈنگ لڑکیوں کے لیے ہنگامی بنیادوں پر تعلیمی خدمات کا احاطہ کرے گی۔ ملالہ فنڈ کی مدد سے لڑکیوں کے دس تباہ شدہ سرکاری اسکولوں کی مرمت اور بحالی ممکن بنائی جائے گی۔
جب ملالہ 15 سال کی تھیں تو انہیں سوات کے علاقے میں طالبان نے تعلیم کے حق سے دستبردار ہونے سے انکار کرنے پر گولی مار دی تھی۔ اس کے بعد انہیں علاج کے لیے برطانیہ پہنچایا گیا اور تب سے وہ برمنگھم میں ہی مقیم ہیں۔