کے پی کے اسکولوں میں ڈبل شفٹ شروع کرنے کا فیصلہ
کے پی کے اسکولوں میں ڈبل شفٹ شروع کرنے کا فیصلہ
خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں سرکاری شعبے کے تحت چلنے والے اسکولوں میں ڈبل شفٹ شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی صدارت میں ہونے والے ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اجلاس میں کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق وزیر اعلیٰ کو اسکول میں ڈبل شفٹوں کے آغاز، ای ٹرانسفر پالیسی کے تحت اساتذہ کے تبادلے اور محکمہ کے دیگر ضروری امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
مزید پڑھیں: این سی سی نے موسم سرما کی چھٹیوں سے متعلق فیصلہ آئندہ ہفتے تک موخر کردیا
سرکاری اسکولوں میں ڈبل شفٹوں کے بارے میں جامع پالیسی قانون اور اسٹیبلشمنٹ کے محکموں کی مشاورت سے تیار کی گئی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا ہے کہ پولی ان لیٹر اینڈ اسپرٹ پر عمل درآمد کے لیے ایک اور کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سرکاری شعبے کے اسکولوں میں صرف ضرورت کی بنیاد پر ڈبل شفٹوں کا آغاز کیا جائے گا، اور کسی بھی اسکول کی ضرورت کے تعین کے لیے ایک پیمانہ پالیسی میں شامل کیا گیا ہے۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ جس اسکول میں ڈبل شفٹ شروع کی جائے گی وہیں کے اساتذہ کو تدریس کے لیے ترجیح دی جائے گی، لیکن اگر اساتذہ اسکول میں دوسری شفٹ کے لیے دستیاب نہ ہوئے تو آس پاس کے اسکولوں سے نئے اساتذہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
دوسری شفٹ میں کام کرنے والے اساتذہ کے لیے تنخواہوں کے اسٹرکچر کو بھی اصولی طور پر منظور کرلیا گیا۔
مزید پڑھیں: بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ختم، اسکولوں کی بندش کا فیصلہ نہ ہوسکا
اطلاعات کے مطابق محکمہ کی ای ٹرانسفر پالیسی پر بھی فیصلہ لیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ اساتذہ کے لیے ای ٹرانسفر ہر تعلیمی سال میں ایک بار کیا جائے گا تاکہ طلبا کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ جبکہ اساتذہ کا بی پی ایس 12 سے بی پی ایس 18 میں تبادلہ پہلے سے طے شدہ معیارات کے مطابق کیا جائے گا۔
اجلاس میں صوبے کے اسکولوں کی بائونڈری والز، پینے کے صاف پانی، بجلی، واش رومز اور دیگر سہولیات کو یقینی بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی کہ جن اسکولوں میں یہ تمام سہولیات دستیاب نہیں ہیں وہاں ان سہولیات کی فراہمی کو کم سے کم مدت میں فراہم کریں۔