لڑکیوں کے مستقبل میں سرمایہ کاری ترقی پسند معاشروں کو تقویت بخش رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری

لڑکیوں کے مستقبل میں سرمایہ کاری ترقی پسند معاشروں کو تقویت بخش رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری

لڑکیوں کے مستقبل میں سرمایہ کاری ترقی پسند معاشروں کو تقویت بخش رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری

دنیا بھر میں 11 اکتوبر کو انٹرنیشنل ڈے آف گرل چائلڈ منایا جاتا ہے، اس موقع پر جاری کردہ ایک بیان میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں خواتین کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ لڑکیاں نہ صرف ہر شعبے میں فخر حاصل کر رہی ہیں بلکہ پُر امن، مربوط اور ترقی پسند معاشروں کی بنیاد کو بھی تقویت بخش رہی ہیں۔

انہوں نے لڑکیوں کی نشوونما کو یقینی بنانے کے لیے بنیادی سہولیات سمیت تعلیم اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کا مطالبہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ قوم لڑکیوں کے مستقبل کی تعمیر میں سرمایہ کاری کرے گی۔

مزید پڑھیں: ہارورڈ یونیورسٹی نے چار مفت آن لائن کورسز کا آغاز کردیا

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ انہیں فاطمہ جناح اور سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی طرح خواتین بطور رول ماڈل پسند ہیں، جنہوں نے قوم کی رہنمائی کی اور اپنے دور کے بدترین فوجی آمروں کے خلاف بہادری سے جنگ لڑی۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی لڑکی فاطمہ جناح اور بے نظیر بھٹو بننے کی صلاحیت رکھتی ہے، اگر انہیں مناسب ماحول، تعلیم اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں تو آج کی یہ لڑکیاں کل کی رول ماڈل ثابت ہوسکتی ہیں۔

بلاول بھٹو نے دنیا بھر میں نام کمانے والی خواتین اور نوجوان لڑکیوں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایسی لڑکیاں اپنی دیگر ساتھیوں اور ملک و  قوم کے لیے روشن مثال بنتی ہیں، انہوں نے دہشت گردی کے خلاف علم کی شمع روشن کرنے والی ملالہ یوسف زئی کی مثال بھی پیش کی، انہوں نے کہا کہ تاریک دور میں رکاوٹوں اور خطرات کو چیلنج کرتے ہوئے وہ اعلیٰ تعلیم کے حصول میں کامیاب ہوئیں اور اپنے خوابوں کی پیروی کرتے ہوئے دنیا بھر میں اپنا اور ملک و قوم کا نام روشن کیا۔

انہوں نے لڑکیوں کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے، انہیں بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے اور زندگی کے ہر شعبے میں اپنے مرد ہم منصبوں کے برابر مواقع فراہم کرنے پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

مزید پڑھیں: کراچی یونیورسٹٰی نے پوزیشن ہولڈرز کے لیے مفت تعلیم اور فیس میں کمی کا فیصلہ کرلیا

انہوں نے کہا کہ پی پی پی کو اس بات کا کریڈٹ حاصل ہے کہ خواتین کے لیے علیحدہ تھانوں اور فرسٹ ویمن بینک کے قیام کو یقینی بنایا اور لڑکیوں کے لیے کیڈٹ کالج کے قیام کے ساتھ ساتھ کسانوں اور کاشت کار خواتین کو زرعی اراضی کی الاٹمنٹ دی گئی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ ان کی جماعت لڑکیوں کو تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور دیگر سہولیات کی فراہمی میں معاونت کے لیے پرعزم ہے اور صنفی مساوات کے لیے ہمیشہ مشعل راہ بنی رہے گی۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©️ 2021 کیمپس گرو