حکومت نے اسکولز اور یونیورسٹیز کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز جاری کردیئے
حکومت نے اسکولز اور یونیورسٹیز کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز جاری کردیئے
وفاقی حکومت نے ملک بھر میں ممکنہ طور پر 15 ستمبر سے دوبارہ کھلنے والے تعلیمی اداروں کے طلبا میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے نئے ایس او پیز جاری کردیئے ہیں۔ اس سے قبل حکومت نے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں مسلسل کمی کے پیش نظر ستمبر کے وسط سے اسکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کے بارے میں حتمی فیصلہ 7 ستمبر کو کیا جائے گا۔ حکومت کے جاری کردہ نئے ایس او پیز کے مطابق اسکول میں صبح کے وقت طلباء کی کوئی اسمبلی نہیں رکھی جائے گی اور طلبا براہ راست اپنی کلاسز میں جائیں گے۔ حکومت کی جاری کردہ نئی گائیڈ لائنز میں والدین کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ پر انحصار نہ کریں۔ یہ نئے ایس او پیز طلباء کو ماسک پہننے، بار بار ہاتھوں کو دھونے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کو بھی لازمی قرار دیتے ہیں۔ حکومت کی جاری کردہ ہدایات میں تعلیمی اداروں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسکولز میں داخلے کے دوران طلبا کی اسکریننگ کو یقینی بنایا جائے اور بخار، کھانسی اور نزلہ زکام میں مبتلا طلباء کو اسکول میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔ اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہر کلاس کو دو حصوں میں تقسیم کریں اور ہر سیکشن کو 4 گھنٹے کی دو مختلف شفٹوں میں پڑھائیں۔ ایس او پیز میں کہا گیا ہے کہ اسکول میں ہونے والے بریک یا ہاف ٹائم کے دوران طلبا کے آپسی میل جول اور کھیل کود کے معاملات کا بھی مشاہدہ کیا جائے گا۔ ایس او پیز میں کینٹین کے استعمال کو محدود کرنے اور والدین سے اپنے بچوں کو گھر کا کھانا مہیا کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے جبکہ اسکولز اور مدارس کی انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مناسب انتظامات کریں۔ صحت سے متعلق ان ایس او پیز کا اطلاق تعلیمی اداروں کی انتظامیہ مقامی انتظامیہ کی مشاورت سے کرے گی۔ حکام تعلیمی اداروں کے منتظمین کو گائیڈ لائنز فراہم کریں گے جبکہ ایس او پیز میں ہاسٹلز کے اندر حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے