ڈی آئی آر پی آئی ایس: میٹرک کے داخلہ کارڈ روکنے والے اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان
ڈی آئی آر پی آئی ایس: میٹرک کے داخلہ کارڈ روکنے والے اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان
اسکولوں کی فیسوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے متعدد نجی اسکولوں نے میٹرک کے طلباء کے داخلہ کارڈ روک رکھے ہیں، جبکہ سیکڑوں طلباء نے اس سلسلے میں ڈائریکٹر انسپیکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ (ڈی آئی آر پی آئی ایس) کو اس کی شکایت درج کروائی ہے۔
طلباء کو سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (ایس ایس سی) سالانہ امتحانات2021 کی اجازت دینے کے لیے جو کہ 5 جولائی سے (آج سے) شروع ہونگے، بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی نے پہلے ہی داخلہ کارڈز نجی اسکولوں کے نمائندوں کو بھیج دیئے ہیں۔ تاہم متعدد نجی اسکولوں نے طلباء کو کارڈ جاری نہیں کیے کیونکہ ان میں سے بیشتر نے اسکول فیس ادا نہیں کی ہے اور اسکول انتظامیہ کی جانب سے طلباء کہا جارہا ہے کہ وہ پہلے اپنے واجبات ادا کریں کیونکہ بغیر ایڈمٹ کارڈ کے طلباء امتحان میں نہیں بیٹھ پائیں گے۔
ڈی آئی آر پی آئی ایس کے ڈائریکٹر منسوب حسین صدیقی نے جمعہ کے روز اس بات کا اعلان کیا تھا کہ ایسے نجی اسکولوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا جو اپنے طلباء کو یہ کارڈ جاری نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نجی اسکولوں کے مالکان طلباء کو فوری طور پر کارڈ جاری کریں تاکہ وہ سالانہ امتحانات میں شرکت کرسکیں، اس حوالے سے کوئی عذر قابل قبول نہیں ہوگا۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے صوبے میں کئی مہینوں کی غیر یقینی صورتحال کے بعد آج سے پورے سندھ میں میٹرک کے امتحانات شروع ہوچکے ہیں۔