اسکول دوبارہ کھلنے کا فیصلہ این سی او سی کے اجلاس میں ہوگا، شفقت محمود
اسکول دوبارہ کھلنے کا فیصلہ این سی او سی کے اجلاس میں ہوگا، شفقت محمود
حکومت اور نجی اسکولوں کی سپریم کونسل کے درمیان بات چیت میں اسکولوں کے دوبارہ کھلنے کے بارے میں کوئی حل نہیں نکل سکا اور دونوں جانب تعطل جاری ہے، جبکہ پرائیویٹ اسکولز سپریم کونسل 11 جنوری سے تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کے اپنے فیصلے پر قائم ہے۔
مزید پڑھیں: 2020 تعلیم کے لیے بدترین سال تھا، صدر اے پی پی ایس سی اے
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی سربراہی میں حکومتی وفد نے پی ایس ایس سی رہنماؤں کے وفد سے ملاقات کی تاہم ان کی بات چیت تعطل کا شکار ہوگئی کیونکہ وفاقی وزیر نے اس معاملے میں کسی حتمی فیصلے تک پہنچنے کے لیے حکومت کی جانب سے مزید وقت کا مطالبہ کیا جبکہ پرائیویٹ اسکولز سپریم کونسل 11 جنوری سے تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کے اپنے فیصلے پر قائم رہی۔ وفاقی وزیرتعلیم کے ہمراہ حکومتی وفد میں افضل بابر، ابرار خان، ناصر محمود اور حافظ بشارت شامل تھے۔
پی ایس ایس سی کے وفد نے ملاقات کے دوران زور دے کر کہا کہ حکومت کو ان کے مسائل کو سمجھنے اور ان کے حل کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کا حتمی فیصلہ 4 جنوری کو ہونے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: حکومت پنجاب کا اسکول کے طلباء کے لیے ایس ٹی ای ایم مقابلے کا اعلان
وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ مارچ میں ہونے والے امتحانات ملتوی کردیئے جائیں گے اور موسم گرما کی تعطیلات اس سال مختصر کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے حتمی منظوری این سی او سی کی جانب سے دی جائے گی۔