کیمبرج نے اے اور او لیول کے امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کردیا
کیمبرج نے اے اور او لیول کے امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کردیا
برٹش کونسل نے جمعرات کے روز ایک نوٹس جاری کیا، جس میں کیمبرج کے بین الاقوامی مئی، جون کے سیشن کے امتحانات کی تاریخ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اے اور او لیول کے طلبہ حکومت سے ملک میں کورونا وائرس کے وبائی مرض میں اضافے کی وجہ سے امتحانات میں تاخیر کی درخواست کرتے ہیں۔
اپنے بیان میں کیمبرج نے مطلع کیا کہ وہ کیمبرج انٹرنیشنل امتحانات کے اطراف پھیلے خدشات کو سمجھتا ہے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ یہ پاکستانی طلباء کی مدد کے لیے پرعزم ہے، تاہم اس کے ساتھ ساتھ حکومت پاکستان کے جاری کردہ تمام رہنما خطوط اور مشوروں پر بھی عمل کرنا چاہیے۔
کیمبرج کے نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے تصدیق کی ہے کہ اے اور اے ایس لیول کے امتحانات شیڈول کے مطابق منعقد ہوسکتے ہیں، اس لیے یہ امتحان 26 اپریل کو ہوگا۔
دوسری طرف او لیول اور آئی جی سی ایس ای کے امتحانات 10 مئی سے شروع ہوں گے۔
کیمبرج کا کہنا ہے کہ وہ برٹش کونسل کے ساتھ مل کر حکومت سے باقاعدہ رابطے میں ہے اور ملک میں جاری صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہا ہے۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک کورونا وائرس کی تیز ترین تیسری لہر کا مقابلہ کررہا ہے اور پچھلے چھ دنوں سے ملک میں روزانہ چار ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ کیے جارہے ہیں۔
پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے چار ہزار757 واقعات رپورٹ ہوئے، اس کے ساتھ ساتھ ان کیسز میں 78 اموات ہوئیں، جس کے بعد اب تک انفیکشن کا شکار ہونے والوں کی تعداد 667،957 اور مرنے والوں کی تعداد 14،434 ہوگئی ہے۔
کیمبرج کے نوٹیفکیشن کے مطابق تقریباً 50،000 امیدوار او لیول آئی جی سی ایس ای میں حصہ لیں گے جبکہ پاکستان بھر سے اے ایس اور اے لیول کے امتحانات میں تقریباً 40،000 امیدوار شرکت کریں گے۔