امریکہ میں اسکول دوبارہ کھلنے کے بعد سے کم از کم 97 ہزار بچوں میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت
امریکہ میں اسکول دوبارہ کھلنے کے بعد سے کم از کم 97 ہزار بچوں میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت
امریکی اکیڈمی آف پیڈیاٹرکس اینڈ چلڈرن ہاسپٹل ایسوسی ایشن کی جاری کردہ ایک تازہ ترین رپورٹ کے مطابق صرف جولائی کے آخری دو ہفتوں میں امریکہ میں کم از کم 97،000 بچوں میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی وبائی مرض شروع ہونے کے بعد کم از کم 338،000 بچوں میں کورونا وائرس کا رزلٹ مثبت آیا ہے ، یعنی صرف ان دو ہفتوں میں ایک چوتھائی سے زیادہ بچوں میں وائرس کا رزلٹ مثبت آیا ہے۔
یہ رپورٹ اس وقت منظرِ عام پر آئی جب والدین اور تعلیم کے فروغ کے لیے سرگرم قائدین نے اسکولوں میں تعلیم دوبارہ شروع کرنے کے چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے اسکول دوبارہ کھولنے کے فیصلے کی حمایت کی۔ بتایا گیا ہے کہ ملک کے کچھ حصوں میں اس وائرس کے کیسز کی تعددا بڑھ رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مثبت رزلٹ والے بچوں میں دس میں سے سات سے زیادہ انفیکشن جنوبی اور مغربی ریاستوں سے رپورٹ ہوئے۔ اس رپورٹ کے لیے اعداد و شمار واشنگٹن ڈی سی، پورٹو ریکو اور گوام کے ساتھ ساتھ 49 ریاستوں سے جمع کئے گئے ہیں۔ رپورٹ میں انتباہ کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے مثبت کیسز اس سے زیادہ ہوسکتے ہیں کیونکہ اس رپورٹ میں ٹیکساس کے مکمل اعداد و شمار اور نیو یارک سٹی سے باہر نیو یارک اسٹیٹ کے کچھ حصوں کی معلومات شامل نہیں ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 338،982 بچے کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ ریاست میسوری، اوکلاہوما، الاسکا، نیواڈا، اڈاہو اور مونٹانا ان ریاستوں میں شامل ہیں جن میں اس عرصے کے دوران بچوں میں انفیکشن کی شرح میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق نیو یارک سٹی، نیو جرسی اور شمال مشرق کی دیگر ریاستوں میں جہاں مارچ اور اپریل میں وائرس کی شدت پیدا ہوئی تھی، بچوں کے انفیکشن میں سب سے کم اضافہ ہوا ہے۔
یہ خبر نیویارک ٹائمز میں 9 اگست 2020 کو شائع ہوئی۔