پشاور میں مدارس کے 70 فیصد طلباء کی ویکسینیشن کا عمل مکمل
پشاور میں مدارس کے 70 فیصد طلباء کی ویکسینیشن کا عمل مکمل
کے پی میں 14،022 سے زائد بلدیاتی ملازمین کی بھی ویکسینیشن مکمل کرلی گئی۔
پشاور کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ضلع کے دینی مدارس میں 70 فیصد کے قریب علماء اور طلباء کی ویکسینیشن مکمل کرلی ہے۔
ایک مقامی افسر نے ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان مدارس کے تمام علماء اور انتظامیہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے اور یہ عمل آسانی سے چل رہا ہے۔
دوسری طرف صوبہ میں بلدیاتی حکومت کے تقریباً 14،022 ملازمین کی بھی کامیابی کے ساتھ ویکسینیشن مکمل کر لی گئی ہے۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ حکومت کے کُل 28،000 ملازمین ہیں، سرکار نے اپنے تمام ملازمین کے لیے ویکسینیشن لازمی کردی تھی اور اس کے بعد لوکل گورنمنٹ نے بھی ویکسینیشن کا عمل شروع کردیا ہے جو سہولت کے ساتھ جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نصف کے قریب ملازمین کی ویکسینیشن ہوچکی ہے اور بقیہ افراد کو بھی جلد ہی ویکسین کی خوراک لگا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہم نے 7 جولائی کا ہدف مقرر کیا ہے۔
حکام کے مطابق لوکل کونسل بورڈز اور ٹاؤن میونسپلٹیز کے تقریباً 4 ہزار 855 ملازمین، ڈبلیو ایس ایس پی کے چار ہزار 416 اسٹاف، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف لوکل گورنمنٹ کے عملے کے 3 ہزار 794 افراد، لوکل ایریاز اتھارٹی کے 410 ملازمین، پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے 325 ملازمین، لوکل گورنمنٹ سیکریٹریٹ کے 130 اور دیگر 89 سرکاری ملازمین کی اب تک ویکسینیشن کی جاچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کے آئی ٹی سیکشن نے ملازمین کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر آن لائن ڈیش بورڈ بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کووڈ کی ویکسینیشن کی تازہ کاریوں کی نگرانی اعلیٰ حکام کے ذریعے کی جارہی ہے اور ہماری ویب سائٹ پر ویکسینیشن سے متعلق تمام معلومات کی بھی جانچ کی جاسکتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ یہ ساری معلومات عام لوگوں کے لیےاوپن ہیں اور آسانی سے اس تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں خاص طور پر سافٹ ویئر کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔
مقامی حکام نے بتایا کہ حکومت نے تمام سرکاری ملازمین کے لیے جلد سے جلد ویکسینیشن کو لازمی کر دیا ہے۔