بلوچستان کے 100 طلبا کے لیے آئی ٹی انٹرن شپس کا اعلان
بلوچستان کے 100 طلبا کے لیے آئی ٹی انٹرن شپس کا اعلان
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ بلوچستان کی معاشی پسماندگی اور بے روزگاری کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی ٹی سیکٹر میں بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے اور بلوچستان کے 100 طلباء کو آئی ٹی سیکٹر میں انٹرن شپ دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پسماندہ علاقوں کو ہر شعبے میں اپ گریڈ کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ کے الٹرا سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کے دورے کے موقع پر کیا۔
مزید پڑھئے: پاکستانی طلباء کا تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ
اس موقع پر پارک کے ڈائریکٹر محمد آصف نے وفاقی وزیر کو بلوچستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے بریفنگ دی۔
مسائل سے آگاہ وفاقی وزیر سید امین الحق نے بریفنگ کے شرکاء کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں احساس محرومی کو ختم کرنے کے لیے زندگی کے تمام شعبوں میں ترقی چاہتی ہے اور بہت سے ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں بلوچستان کو زیادہ توجہ کی ضرورت ہے اور ہم ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
آئی ٹی سیکٹر کی ترقی پر روشنی ڈالتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ 30 جون تک آئی ٹی کی برآمدات میں 2 ارب ڈالر کا ہدف پورا کر لیا گیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران برآمدات 1.44 بلین ڈالر تھیں۔
وزیر برائے آئی ٹی نے اعلان کیا کہ 2023 تک آئی ٹی کی برآمدات میں 5 ارب ڈالر کا ہدف پورا کیا جائے گا۔
مزید پڑھئے: دیر میں واقع اسکول میں 500 طلباء کے لیے صرف 3 کمرے
انہوں نے کہا کہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور آئی ٹی کمپنیاں آئی ٹی کی برآمدات میں تاریخی اضافے پر تعریف کی مستحق ہیں۔
( یہ خبر ایکسپریس ٹریبیون کی 31 جولائی 2021 کی اشاعت سے اخذ کی گئی ہے)