آن لائن امتحانات کا فیصلہ یونیورسٹیز کریں گی، شفقت محمود
آن لائن امتحانات کا فیصلہ یونیورسٹیز کریں گی، شفقت محمود
وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے آن لائن امتحانات سے متعلق طلباء کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے کے لیے جامعات ذمہ دار ہیں، اگر یونیورسٹیز چاہیں تو آن لائن امتحانات لیے جاسکتے ہیں۔
کچھ یونیورسٹی اسٹوڈنٹس نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے امتحانات آن لائن ہونے چاہئیں کیونکہ وہ سارا سال آن لائن تعلیم حاصل کرتے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: وزارت تعلیم یکساں قومی نصاب کے نفاذ کو یقینی بنائے گی
وفاقی وزیر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ یونیورسٹیز نے از خود یہ فیصلہ کرنا ہے کہ آن لائن امتحانات لیے جائیں یا نہیں، تاہم میں نے ایچ ای سی سے کہا ہے کہ وہ یونیورسٹیز کے وی سیز سے مشورہ کریں اور دیکھیں کہ اس سال خصوصی حالات کے پیش نظر یہ ممکن ہے یا نہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یونیورسٹیز کو بھی اس بات کا جائزہ لینا چاہیے کہ آیا ان میں تمام طلبا کے لیے آن لائن امتحانات لینے کی تکنیکی صلاحیت موجود ہے، انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کوئی بھی طالب علم پیچھے نہیں رہنا چاہیے۔ وفاقی وزیرتعلیم کا کہنا تھا کہ یہ یقینی بنانا بھی ضروری ہے کہ آن لائن امتحانات کے نظام کو آسان درجات کے لیے غلط استعمال میں نہ لایا جائے، انہوں نے کہا کہ اچھے سوالیہ پرچے تیار کرنا اور تشخیصی عمل کو ممکن بنانا ضروری ہے۔
مزید پڑھیں: پی ایم سی کا نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے لیے میرٹ لسٹ کا اعلان
اس سے قبل ملک بھر سے طلبہ نے ٹوئٹر پر اپنی آواز اٹھائی تاکہ اپنے اپنے تعلیمی اداروں سے آن لائن امتحانات کروائیں۔ ان طلبا کے بنیادی تحفظات ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے حوالے سے ہیں جب پوری قوم وبائی مرض کی دوسری لہر سے لڑ رہی ہے۔