ایم ڈی کیٹ کے بارے میں تازہ ترین اطلاعات
ایم ڈی کیٹ کے بارے میں تازہ ترین اطلاعات
پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) نے ایم ڈی کیٹ کے بارے میں ایک اور اپ ڈیٹ شیئر کیا ہے، جو کہ کچھ مسائل اور پیچیدگیوں کی وجہ سے پہلے ہی ایک سے زیادہ مواقع پر منسوخ کیا جا چکا ہے۔ اس بار پی ایم سی نے اعلان کیا ہے کہ ایم ڈی کیٹ کا امتحان صوبائی سطح پر منعقد کیا جائے گا۔
اگرچہ سرکاری طور پر ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کی تاریخوں کی تصدیق ہونا باقی ہے، لیکن پی ایم سی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے لیے ایم ڈی کیٹ کا امتحان ایک ہی دن ہوگا۔ سیلابی صورتحال کی وجہ سے سندھ اور بلوچستان میں ایم ڈی کیٹ ایک ہی دن مگر دیگر صوبوں سے الگ تاریخ پر منعقد کیا جائے گا۔
پی ایم سی کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ایم ڈی کیٹ نومبر 2022 کے دوسرے ہفتے میں منعقد کیا جائے گا۔ پی ایم سی نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ کوشش کے باوجود تحریری امتحان کے لیے کاربن پیپر دستیاب نہیں ہوسکا ہے۔
ایم ڈی کیٹ کے نمبر عام فارمیٹ کے مطابق مختص کیے جائیں گے، پاسنگ کا معیار ایم بی بی ایس کے لیے 55 فیصد اور بی ڈی ایس کے لیے 45 فیصد ہے۔
پاکستان میڈیکل کمیشن نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ طالب علموں کے ذہنی تناؤ کے خاتمے کے لیے نصاب میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔