برٹش کونسل نے پاکستان میں کیمبرج اسکول کے تمام امتحانات منسوخ کردیے
برٹش کونسل نے پاکستان میں کیمبرج اسکول کے تمام امتحانات منسوخ کردیے
برٹش کونسل نے 12 مئی کو ہونے والے صبح اور شام کے سیشنز کےلیے کیمبرج اسکول کے امتحانات منسوخ کر دیے ہیں۔ برٹش کونسل کا کہنا ہے کہ او اور اے لیول کے 12 مئی کو ہونے والے پرچے بھی منسوخ کردیئے گئے ہیں۔
برٹش کونسل نے پاکستان میں جاری صورتحال کے پیش نظر جمعہ 12 مئی کو ہونے والے او اور اے لیول کے تمام پرچے منسوخ کردیے ہیں۔ امتحان کے نتائج لیے گئے پرچوں کی بنیاد پر جاری کیے جائیں گے۔
ڈائریکٹر کیمبرج یونیورسٹی پریس اینڈ اسسمنٹ برائے پاکستان عظمیٰ یوسف نے ایکسپریس نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم طلبہ کو پریشان نہیں کرنا چاہتے اس لیے پرچے منسوخ کردیے ہیں تا کہ اساتذہ اور طلبہ ملک کے حالات کے پیش نظر اپنی حفاظت کو یقینی بناسکیں۔
انہوں نے بتایا کہ جمعہ کو صبح اور شام کے اوقات میں ہونے والے پرچے پورے پاکستان میں نہیں ہوں گے۔ منسوخی کے سبب اب ان مضامین کے پرچوں کے نتائج کی ایوریج مارکنگ کی جائے گی اوراسی مضمون کے دیے گئے دوسرے پرچوں کی بنیاد پر نتیجہ جاری ہوگا۔
عظمیٰ یوسف نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہماری شراکت دار برٹش کونسل نے کیمبرج ایگزامینیشنز کے ساتھ مل کر جمعے کو ہونے والے امتحان کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم صورتحال کا جائزہ لیتے رہیں گے۔
برٹش کونسل کے مطابق 10، 11 اور 12 مئی کو ہونے والے امتحانات کو منسوخ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا تاہم بچوں اور اساتذہ کی حفاظت اور فلاح ہمارے لیے سب سے اہم ہے، ٹیم صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے، حالات معمول پر آنے تک ہم بچوں کو مطلع کرتے رہیں گے۔
علاوہ ازیں برٹش کونسل نے پاکستان میں موجودہ حالات کے پیش نظر منسوخ کیے گئے امتحانی پرچوں سے متعلق طلبہ کو نمبر دینے کا فارمولا جاری کردیا ہے۔ جس میں امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ منسوخ شدہ پرچوں میں سے کوئی بھی جون 2023 کی سیریز میں دوبارہ شیڈول نہیں کیا جائے گا۔