کراچی میں میٹرک کے امتحانات پیر سے شروع ہوں گے، تیاریاں مکمل
کراچی میں میٹرک کے امتحانات پیر سے شروع ہوں گے، تیاریاں مکمل
میٹرک کے سالانہ امتحانات برائے 2023ء پیر 8 مئی سے شروع ہوں گے، جس کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین شرف علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ رواں برس میٹرک کے امتحانات میں تقریباً 4 لاکھ امیدوار شریک ہورہے ہیں۔
سیکرٹری بورڈ محمد علی شائق اور قائم مقام ناظم امتحانات حبیب اللہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چیئرمین بورڈ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں برس نویں اور دسویں جماعت کے لیے بورڈ کی طرف سے ایڈمٹ کارڈ آن لائن جاری کیے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 3 لاکھ 93 ہزار 264 طلبہ و طالبات سائنس و جنرل گروپ ریگولر و پرائیویٹ کے امتحانات دیں گے۔
امتحانات میں گزشتہ برس کی نسبت 43 ہزار زائد طلبہ نے انرولمنٹ کروائی ہے جب کہ جیل سے بھی79 امیدوار امتحانات دے رہے ہیں۔ امتحانات کے لیے بورڈ نے 524 مراکز قائم کیے ہیں، جن میں طلبہ کے لیے 279 اور طالبات کے لیے 245 مراکز ہیں جو کراچی کے مختلف 18 ٹاؤنز میں قائم کیے گئے ہیں، جہاں بورڈ کے افسران امتحانی پرچوں کی ترسیل پر مامور ہوں گے۔
انہوں نے ناظم امتحانات اور دیگر افسران سے کہا کہ تمام امتحانی مراکز کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ امتحانات کے دوران امتحانی مرکز کے باہر ہدایات آویزاں کریں کہ کسی بھی قسم کی ڈیوائس، موبائل فون یا کسی بھی قسم کا نقل کا موادہرگز اپنے ساتھ نہ لائیں۔ ہم نے فول پروف انتظامات کے حوالے سے کمشنر کراچی، ڈی جی رینجرز، ایڈیشنل آئی جی، ڈائریکٹر ایجوکیشن کراچی، ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکول سندھ اور دیگر محکموں کو لیٹرز جاری کر دیے ہیں۔
تمام امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بورڈ سے لیٹر جاری کیے جا ر ہے ہیں، جس کے تحت ان مراکز پر بیرونی مداخلت پر پابندی ہو گی اور ان کے اطراف میں کام کرنے والی فوٹو اسٹیٹ کی مشینیں دوران امتحان بند رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسکولوں اور طلبہ وطالبات کی سہولت کے لیے بورڈ کی ویب سائٹ پر سینٹرز کی لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔
چیئرمین بورڈنے نے بتایا کہ امتحانات کی نگرانی کے لیے بورڈ آفس میں رپورٹنگ سیل قائم کیا جائے گا جہاں نقل کی روک تھام کے لیے بورڈ کی خصوصی ٹیمیں رپورٹ کے حوالے سے اقدامات کریں گی۔ امتحانی پرچوں کی ترسیل کے لیے ایک مؤثر نظام تشکیل دیا گیا ہے اور یہ پرچے بورڈ کے افسران سینٹرز پر پہنچائیں گے۔
حب سینٹرز سے سینٹر سپرنٹنڈنٹ یا ان کا نمائندہ اتھارٹی لیٹر کے ساتھ مہر بند پرچے وصول کر کے اپنے امتحانی مرکز پہنچائیں گے اور جوابی کاپیاں اسکول سپرنٹنڈنٹ یا ان کا نمائندہ بورڈ میں جلد از جلد پہنچائے گا۔ ویجلینس آفیسر ہر امتحانی مرکز پر روزانہ کی بنیاد پر امتحان شروع ہونے سے آدھا گھنٹہ پہلے امتحانی مرکز پر پہنچے گا اور دوران امتحان پورا وقت وہاں پر رہ کر نقل کی روک تھام کے لیے اقدامات اور نگرانی کرے گا اور روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹ مرتب کر کے بورڈ میں قائم رپورٹنگ سیل میں جمع کرائے گا۔
چیئرمین بورڈ نے مزید کہا کہ ویجلینس آفیسر اپنی موجودگی میں مہر بند لفافے پر دستخط کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ضلعی انتظامیہ اور بورڈ کے ذریعے نقل پر قابو پانے کے لیے اجتماعی کاوش کر رہی ہے۔ سندھ حکومت کی ہدایت پر شفاف امتحانات کے انعقاد کے لیے تمام اداروں سے تعاون حاصل کیا جا رہا ہے۔ بورڈ نے، کے الیکٹرک انتظامیہ سے امتحانات کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی تحریری درخواست کی ہے، تاکہ بچے اچھے ماحول میں امتحان دے سکیں۔