11 اپریل تک کورونا سے متاثرہ اضلاع میں تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان
11 اپریل تک کورونا سے متاثرہ اضلاع میں تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں تمام اسکول 11 اپریل تک بند رہیں گے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں وزرائے تعلیم و صحت کے ایک اہم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ اجلاس میں ملک میں کورونا وائرس کے خدشات کے تناظر میں اسکولوں کی بندش کا فیصلہ کیا گیا
اطلاعات کے مطابق ، گذشتہ تین ہفتوں میں کورونا وائرس کے فعال واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ کچھ گذشتہ دنوں میں کیسز کا مثبت تناسب 8 فیصد سے بڑھ گیا ہے۔
این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق 6 مارچ کو کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 17،352 تھی جو منگل کے روز 34،535 ہوگئی۔
اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم نے عوام کو باور کرایا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر پہلے سے زیادہ سنگین ہے، لہٰذا اس کا محتاط جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔
وزیر تعلیم نے لکھا کہ تمام وزرائے تعلیم اور صحت کے وزراٗ بدھ ، 24 مارچ کو این سی او سی میں ملاقات کریں گے تاکہ تعلیمی ادارے کھولنے یا مزید کچھ عرصہ بند کرنے کے بارے میں فیصلہ کیا جاسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ طلباء، اساتذہ اور عملے کی صحت پر بنیادی طور پر غور کیا جارہا ہے کیونکہ اسکولوں میں کورونا وائرس کا خطرہ پہلے سے کہیں زیادہ پھیل گیا ہے۔ پیر کے روز ایک بیان میں وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ تعلیمی اداروں کو بند کرنا ایک سخت فیصلہ ہوگا لیکن این سی او سی کا خیال ہے کہ اسکولوں میں کورونا وائرس کا زیادہ خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 50 ملین بچے تعلیم سے وابستہ ہیں اور اگر کوئی انفیکشن ہوجاتا ہے تو یہ بیماری بڑے پیمانے پر پھیل جائے گی۔