پنجاب میں پرائمری اسکولوں کے اساتذہ کا انگریزی زبان کی مہارت کا ٹیسٹ ہوگا
پنجاب میں پرائمری اسکولوں کے اساتذہ کا انگریزی زبان کی مہارت کا ٹیسٹ ہوگا
محکمہ اسکول ایجوکیشن (ایس ای ڈی) پنجاب نے تمام پرائمری اسکولوں کے انگریزی پڑھانے والے اساتذہ کا انگلش لینگویج پروفیشینسی ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قائداعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ، سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کی ان سروس اور پری سروس ٹریننگ کے لیے پنجاب حکومت کا ایپکس انسٹیٹیوٹ اور برٹش کونسل پاکستان پنجاب کے تمام اضلاع میں انگلش پروفیشنسی ٹیسٹ کا انعقاد کرے گا۔
بتایاگیا ہے کہ یہ ٹیسٹ 12 اور 19 جون کو لاہور، ملتان، سیالکوٹ، فیصل آباد اور راولپنڈی میں لیا جائے گا۔ ایس ای ڈی پنجاب ہر ٹیچر کو بطور سفری الاؤنس ایک ہزار روپے بھی دے گا۔
برٹش کونسل پاکستان نے ایس ای ڈی پنجاب سے کہا ہے کہ زبان کی مہارت کے امتحان میں اساتذہ کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔
اس سال کے شروع میں مارچ کے مہینے میں، پنجاب نے ایلیمنٹری اسکولوں کے 2,500 اساتذہ (بی ایس 14) اور ایلیمنٹری اسکولوں کے سینئر اساتذہ (بی ایس 15) کو بی ایڈ کی ڈگریاں فراہم نہ کرنے پر برطرف کردیاتھا۔ ان اساتذہ کو 2012، 2014، 2016 اور 2017 میں کنٹریکٹ پر رکھا گیا تھا۔ ان سے کہا گیا کہ وہ دسمبر 2020 تک اپنی بی ایڈ کی ڈگریاں مکمل کر کے جمع کرائیں، تاہم کووڈ کا وبائی مرض پھیلنے کی وجہ سے آخری تاریخ میں ایک سال کی توسیع کر کے دسمبر 2021 کر دی گئی تھی۔