برطانوی شہزادے ہیری کی کتاب نے پہلے دن فروخت کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا
برطانوی شہزادے ہیری کی کتاب نے پہلے دن فروخت کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا
انٹرنیشنل نیوز ایجنسیز کے مطابق برطانوی شہزادہ ہیری کی کتاب ’اسپیئر‘ نے مارکیٹ میں آتے ہی پہلے دن 14 لاکھ سے زائد کاپیاں فروخت ہونے کے بعد عالمی ریکارڈ بنالیا۔
گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ کا کہنا ہے کہ برطانیہ، امریکا، کینیڈا، اسپین سمیت مختلف ممالک میں شہزادہ ہیری کی متنازع سوانح حیات ’اسپیئر‘ نے فروخت کے پہلے دن ہی 14 لاکھ 30 ہزار سے زائد کاپیاں فروخت ہونے کا عالمی ریکارڈ بنا لیا۔
اس سے قبل سب سے زیادہ کتابیں فروخت کرنے کا یہ ریکارڈ امریکا کے سابق صدر باراک اوباما کے پاس تھا، جن کی کتاب ’ اے پرومس لینڈ 2020‘ کی ایک ہی دن میں 8 لاکھ 87 ہزار کاپیاں فروخت ہوئی تھیں۔
یہ کتاب 10 جنوری کو مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کی گئی تھی اور اسے ایک ساتھ دنیا کی 16زبانوں میں شائع کیا گیا ہے۔
برطانوی شہزادے کی اس متنازع سوانح حیات کی نقول کا ہسپانوی ترجمہ غلطی سے اسپین کے بازار میں آگیا تھا، جس کے بعد متعدد انکشافات سامنے آئے تھے، حالانکہ بعد میں اسپین میں اس کی کاپیاں دکانوں سے فوراً ہٹالی گئی تھیں لیکن اس وقت تک یہ کتاب میڈیا کے ہاتھ لگ چکی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ شہزاہ ہیری کی کتاب خریدنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد نے دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔
کتاب کے پبلشر نے عالمی ریکارڈ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’اسپیئر‘ کی فروخت کے پہلے روز پینگوئن رینڈم ہاؤس کی طرف سے شائع ہونے والی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی نان فکشن کتاب بن گئی ہے۔
شہزادہ ہیری نے اپنی سوانح حیات میں اپنے بھائی شہزاہ ولیم اور والد کے ساتھ تعلقات اور برطانوی شاہی خاندان کےحوالے سے کئی اہم انکشافات کیے ہیں۔