او لیولز کی 14 سالہ پاکستانی طالبہ کتاب کی مصنفہ بن گئی
او لیولز کی 14 سالہ پاکستانی طالبہ کتاب کی مصنفہ بن گئی
حیدر آباد میں واقع نجی اسکول کی او لیول کی طالبہ نے عام انسان کے روز مرہ کے مسائل اور مشکلات کا سامنا کرنے کے حوالے سے کتاب لکھ کر سب کو حیران کردیا۔
دسویں کلاس کی 14 سالہ طالبہ جویریہ آصف نے تھرٹی ڈیز آف فیلنگ کے نام سے کتاب لکھی ہے، جوریہ نے اپنی کتاب میں انسان کی زندگی میں پیش آنے والے مسائل اور مشکلات کا خود اعتمادی کے ساتھ مقابلہ کرنے کی حکمت عملی اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
جویریہ آصف کی کتاب میں عام انسان کی مینٹل ہیلتھ، ڈپریشن اور پرابلمز کو سامنے رکھا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ اگر ڈپریشن میں کوئی آپ کی مدد نہیں کر رہا تو حوصلے کے ساتھ خود اس ساری صورتحال کا مقابلہ کرنا چاہیے۔
پاکستان کی اس ہونہار طالبہ نے اپنی کتاب ایک سال میں مکمل کی جس پر سب ہی اس کی حوصلہ افزائی بھی کر رہے ہیں۔ جویریہ کی تحریر دیکھ کر جہاں کتاب پڑھنے والے قاری اس کی تعریف کررہے ہیں وہیں اسکول کی پرنسپل، ٹیچر اور ساتھی طالبات بھی اس پر فخر کرتی دِکھائی دیتی ہیں۔
جویریہ کی ٹیچر کا کہنا ہے کہ اِس کی یہ کاوش ہمارے لیے قابل فخر ہے آج کل بچے موبائل میں مگن رہتے ہیں اس دور میں کتاب لکھنا ایک زبردست کارنامہ ہے۔
ساتھی طالبات نے اس کتاب پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ جویریہ کی کتاب سے لوگ دلبرداشتہ ہونے کے بجائے مثبت انداز میں سوچنے لگیں گے۔
کتاب میں طالبہ نے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرنے اور منفی سوچ کے ساتھ ڈپریشن کا شکار ہونے والوں کو مسائل سے نبردآزاما ہونے کی ترغیب دینے کی کوشش کی ہے کہ وہ دوسروں پر انحصار کرنے کے بجائے مثبت سوچ کے ساتھ حالات کا مقابلہ کریں تو زندگی آسان اور خوشگوار ہوسکتی ہے۔