نوجوان کیریئر کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے صحیح ہنر حاصل کریں، صدر مملکت
نوجوان کیریئر کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے صحیح ہنر حاصل کریں، صدر مملکت
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نوجوانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ خود کو ایسی مہارت سے آراستہ کریں جو انہیں مختلف شعبوں میں کیریئر کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنائے۔
صدر مملکت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت کے زیر اہتمام پہلی کیریئر گائیڈ ایکسپوبرائے 2022 سے خطاب کر رہے تھے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے طلباء کو ایک نادر موقع فراہم کرنے پر وزارت تعلیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ مارکیٹ کی ضروریات اور اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر ترقی کرنے والے شعبوں میں داخل ہوں، انہوں نے نوجوان نسل کو مشورہ دیا کہ وہ دوسروں کے علم کو تسلیم کرنے میں کسی قسم کا میں تعصب نہ رکھیں۔ صدر نے کہا کہ ان کی مواصلاتی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کا قابل اعتماد ہونا بھی اتنا ہی ضروری ہے کیونکہ بدعنوانی کا موذی مرض ملک کو تباہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں مارکیٹ کے تجزیے کی عدم موجودگی کے باوجود پاکستان نے مارکیٹ کی ضرورت سے زیادہ ڈاکٹرز پیدا کیے جس کے باعث ملازمتیں نہ ہونے کی وجہ سے ان کی اکثریت ملک سے باہر چلی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دنیا میں انسانی سرمائے کی کمی ہے کیونکہ سائبر سیکیورٹی کے لیے تقریباً 80 ملین افراد کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو اس تناظر میں بہت فائدہ ہے کیونکہ دنیا بھی معیاری انسانی سرمائے کے لیے اس کی طرف دیکھ رہی ہے۔ نوجوان سویڈش ماہر ماحولیات گریٹا تھنبرگ اور بھارتی طالبہ مسکان خان کو حجاب پہننے کے حق کے تحفظ کے لیے ان کی جرات کی مثال دیتے ہوئے، انہوں نے لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ وہ تعلیم حاصل کرکے قومی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔
تین روزہ ایکسپو میں ون آن ون کائونسلنگ، کیریئر گائیڈ سیمینار، مقامی اور بین الاقوامی تنظیموں کے 30 سے زائد اسٹالز، کتاب میلہ، اسکالرشپ پویلین اور آئیڈیاز نمائش کا انعقاد شامل ہے۔
ڈاکٹر علوی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل)، آکسفورڈ یونیورسٹی پریس، آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل)، پاکستان نیوی، اور دیگر اداروں کی جانب سے لگائے گئے اسٹالز کا دورہ بھی کیا۔