نظامِ تعلیم سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے، وزیرِ تعلیم
نظامِ تعلیم سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے، وزیرِ تعلیم
جمعرات کے روز ایک اجلاس میں بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ملک بھر میں تمام تعلیمی اداروں کے لیے ایک نظامِ تعلیم اور یکساں ذریعہ تعلیم ہونا چاہیے۔
اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ مقامی اور علاقائی زبانیں ہماری ثقافت اور خطوں کے تنوع کو ظاہر کرتی ہیں۔ لہٰذا علاقائی زبانوں کی تعلیم گزشتہ مشق کے مطابق ہی جاری رہے گی۔
مزید پڑھیں: شفقت محمود نے طلباء کو درپیش انٹرنیٹ کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا
اس موقع پر اجلاس کے شرکاء نے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے زور دیا کہ ملک بھر میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند تمام بچوں کے لیے معیاری تعلیم کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں مذہبی اداروں، پرائیویٹ اسکول سسٹم کے نمائندوں، ماہرین، تعلیم کے فروغ کے لیے سرگرم افراد، صوبائی تعلیمی سیکریٹریز اور بین الاقوامی شراکت داروں کے نمائندگان نے حصہ لیا۔
مزید پڑھیں: جامعات میں ترجمہ کے ساتھ قرآن پاک کی تعلیم دی جائے، قومی اسمبلی میں قرارداد منظور
دوسری جانب جمعرات کے ہی روز ایک اور اجلاس میں نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر، چیئرمین پنجاب ٹی ای وی ٹی اے اور چیئرمین ٹی ای وی ٹی اے نے وزیر تعلیم سے ملاقات کی جس میں انجینئرنگ ٹیکنالوجی کے شعبے میں پڑھنے والے گریجویٹس کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیرتعلیم نے طلباء کے مسائل حل کرنے کے لیے مکمل اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔