راولپنڈی بورڈ نے میٹرک کے امتحانات کی تاریخوں کی تصدیق کردی
راولپنڈی بورڈ نے میٹرک کے امتحانات کی تاریخوں کی تصدیق کردی
پہلے سے شائع شدہ ٹائم ٹیبل کے مطابق، راولپنڈی ڈویژن میں سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (ایس ایس سی) کے سالانہ امتحانات برائے 2022 منگل 10 مئی سے شروع ہوں گے۔
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی آئی ایس ای) راولپنڈی کے ترجمان ارسلان چیمہ نے کہا ہے کہ بورڈ نے ایس ایس سی امتحانات کے شفاف اور کامیابی سے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سخت منصوبہ بندی کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ امتحانات میں مجموعی طور پر 117,796 طلباء شرکت کریں گے جن میں 60,868 لڑکے اور 56,928 لڑکیاں شامل ہوں گی۔ ارسلان چیمہ کے مطابق ریجن میں 388 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں لڑکوں کے لیے 142، لڑکیوں کے لیے 139 اور 107 کمبی نیشن سینٹرز شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد محمود کی قیادت میں خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس فراہم کی جائیں گی اور چیئرمین براہ راست کارروائی کریں گے۔
بی آئی ایس ای راولپنڈی کے ہیڈ کوارٹر میں مرکزی کنٹرول روم جبکہ اٹک، جہلم اور چکوال میں ڈسٹرکٹ کنٹرول روم قائم کیے جائیں گے۔
ترجمان کے مطابق، امیدواروں کو مزید معلومات کے لیے بورڈ کی ویب سائٹ بھی وزٹ کرنی چاہیے یا کنٹرولر امتحانات کو 051-5450917 اور 051-5450918 پر یا میٹرک برانچ کو 051-5450932 پر کال کرنا چاہیے۔