اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم میں کراچی جنوبی ایشیا کے 10 اہم شہروں میں شامل

اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم میں کراچی جنوبی ایشیا کے 10 اہم شہروں میں شامل

اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم میں کراچی جنوبی ایشیا کے 10 اہم شہروں میں شامل

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان میں اسٹارٹ اپ ماحول کے لحاظ سے ایک اچھی خبر آئی ہے کہ شہر کراچی نے جنوبی ایشیا میں اپنی کارکردگی چار درجے بہتر کی ہے اور گزشتہ برس کے مقابلے میں بھارت کے چند شہروں کو پیچھے چھوڑدیا ہے۔

یہ خبراسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کی درجہ بندی کرنے والی ویب سائٹ ’اسٹارٹ اپ بلنک‘ نے جاری کی ہے۔ ویب سائٹ کی جاری کردہ 2022 کی رپورٹ کے  مطابق کراچی نے جنوبی ایشیاء میں اسٹارٹ اپ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنیوالے ٹاپ ٹین شہروں کی فہرست میں بھارتی اجارہ داری ختم کردی ہے۔

کراچی، جنوبی ایشیاء کے شہروں میں اپنی رینکنگ چار درجہ بہتر بناکر سازگار دس ٹاپ آف دا لسٹ شہروں میں شامل ہوگیا ہے جبکہ دیگر9 شہر بھارت کے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اسٹارٹ اپ کے لیے سازگار ماحول کے لحاظ سے کراچی نے پاکستان کے دیگر شہروں کے ساتھ لاہور کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے معاشی حب کراچی نے پاکستان میں اسٹارٹ اپ کے لیے لاہور سے سازگار ماحول کے لحاظ سے سرفہرست شہر کا اعزاز بھی چھین لیا ہے۔ اس سے قبل لاہور پاکستان کا سرفہرست شہر تھا۔

عالمی سطح پر کراچی کی درجہ بندی میں پانچ درجہ کمی آئی ہے اور کراچی دنیا کے شہروں کی فہرست میں 291ویں نمبر پر شمارکیا گیا جبکہ لاہور کی درجہ بندی میں 48درجہ کمی ہوئی اور لاہور 305ویں نمبر پر آگیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پاکستان میں اسٹارٹ اپس کے لیے سازگار شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر رہا اور ایک درجہ کمی سے عالمی فہرست میں 438ویں نمبر پر آگیا۔ اسٹارٹ اپس کے لیے سازگار ماحول کے لحاظ سے پاکستان کی رینکنگ 2درجہ کم ہوئی۔

اسٹارٹ اپس کے لیے سازگار ماحول کے لحاظ سے پاکستان دنیا میں 76ویں نمبر پر آگیا ہے۔

 

جنوبی ایشیائی ممالک میں پاکستان دوسرے نمبر پر رہا۔ سینٹرل ایشیاء ریجنل اکنامکس کارپوریشن ملکوں میں پاکستان کا چوتھا نمبررہا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معاشی ترقی میں کامیاب اسٹارٹ اپس اور ڈیجیٹائزیشن کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ کرونا کی وباء کے دوران پاکستان میں ڈیجیٹل انٹرپرنیورشپ اور اسٹارٹ اپ میں سرمایہ کاری کو فروغ ملا۔ براڈ بینڈ کوریج اور ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر میں بہتری اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نئے فریم ورک سے اسٹارٹ اپس کو سپورٹ ملی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں سیاسی انتشار کا ماحول اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کے لیے مستحکم پالیسیوں اور پُراعتماد ماحول تشکیل دینے میں رکاوٹ ہے۔ اس کے علاوہ ابھرتے ہوئے اسٹارٹ اپس کے لیے سرمائے کی طلب میں اضافہ اور تجربہ کار افرادی قوت کی فراہمی بھی ایک مسئلہ ہے۔ ان ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم میں اہلیت کے حامل لوگوں اور تربیت یافتہ افرادی مہارت فراہم کرنے کی گنجائش میں اضافہ کیا جائے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©️ 2021 کیمپس گرو