کیمبرج امتحانات: امید ہے کہ مثبت فیصلہ جلد آئے گا، شفقت محمود
کیمبرج امتحانات: امید ہے کہ مثبت فیصلہ جلد آئے گا، شفقت محمود
بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز کے درمیان طلباء کی جانب سے کیمبرج کے امتحانات کے خلاف احتجاج کے باوجود ، کیمبرج انٹرنیشنل کا امتحان آج (پیر) کو ملک بھر میں کورونا وائرس کے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کے ساتھ شروع ہوا۔
ٹوئٹر پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ یہ مشکل وقت ہے اور طالب علموں کی دلچسپی اور مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے مشکل فیصلے کیے گئے ہیں۔
اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر انہوں نے کہا کہ برٹش کونسل ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے اور ہم ان احتیاطی تدابیر کی کڑی نگرانی کریں گے۔ تمام اسٹوڈنٹس کے لیے گڈ لک۔
امتحانی ہال میں ایس او پیز
ذرائع کے مطابق امتحانی ہالوں کے اندر انتظامات تجویز کردہ ایس او پیز کے مطابق تیار کیے گئے ہیں۔ مزید یہ کہ ہر دو سیشنز کے بعد امتحانی ہالوں کی صفائی اور سینیٹائزنگ کی جائے گی۔
ایک روز قبل وفاقی وزیر تعلیم نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ حکام کی جانب سے طلباء کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے حفاظتی انتظامات جاری ہیں۔ والدین اور طلباء کو بھی بغیر کسی اضافی فیس کے اکتوبر، نومبر کے سائیکل میں جانے کا آپشن دیا جاتا ہے۔
کیمبرج کے ذریعہ جاری کردہ دستاویز کی روشنی میں انہوں نے والدین اور طلباء کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس میں مختلف منظرناموں کے جوابات ہیں جو طلبا کی سہولت کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔ تاہم انہوں نے اے لیول کے طلبا کے بارے میں ایک اپ ڈیٹ دیتے ہوئے کہا کہ اے ایس کے طلباء کے حوالے سے اس غیر معمولی صورتحال پر غور کرتے ہوئے کیمبرج سے بقیہ پرچے لینے کے لیے 13 ماہ کی شرط پر نظر ثانی کرنے کو کہا ہے۔
انہوں نے کہا امید ہے کہ جلد ہی اس سلسلے میں ایک مثبت فیصلہ آنے والا ہے۔