یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے نام ایک اور اعزاز
یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے نام ایک اور اعزاز
ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام ہونے والی سپورٹس چیمپئنز ٹرافی برائے 2021-22 یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب نے جیت لی۔ یو سی پی نے جنرل سپورٹس ٹرافی مسلسل گیارہویں بار اپنے نام کی، کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور جیت کا جشن منانے کے لئے’’ٹرافی کمز ہوم‘‘ کی شاندار تقریب سجائی گئی۔ یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے آڈیٹوریم میں ٹرافی کمز ہوم کا جشن بھرپور انداز میں منایا گیا، چیئرمین یوسی پی میاں عامر محمود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اس کے علاوہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب گروپ سہیل افضل، پروریکٹر یو سی پی اور ڈائریکٹر سپورٹس، فیکلٹی ڈینز، ڈائریکٹرز، اساتذہ اور طلباء وطالبات کی بڑی تعداد اس یادگارتقریب میں شریک ہوئی۔
تقریب کے مہمان خصوصی میاں عامر محمود نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں مجموعی طور پر ڈیڑ ھ کروڑ روپے کے نقد انعامات تقسیم کئے۔ قرعہ اندازی کے ذریعے 3 کوچز کو عمرہ کے ٹکٹ بھی دئیے گئے اور 4 بہترین کھلاڑیوں کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔ میاں عامر محمود نے کھلاڑیوں اور کوچز کو بہترین کارکردگی پیش کرنے پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا،انہوں نے کہا کہ یو سی پی کھیلوں اور کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود کے لیےہر ممکن مدد اور وسائل فراہم کرتی رہے گی۔ کھلاڑیوں نے پروریکٹر یوسی پی ڈاکٹر نصراکرام کو ٹرافی پیش کی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ جیت کے جذبے سے سرشار باصلاحیت کھلاڑی مستقبل میں بھی پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کریں گے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیراہتمام ہونے والے مقابلوں میں 200سے زائد یونیورسٹیوں اورتعلیمی اداروں نے شرکت کی۔ یوسی پی نے مجموعی طور پر30مقابلوں میں سے 20میں گولڈمیڈلز جبکہ5 مقابلوں میں سلور میڈلزاور2ایونٹس میں برونز میڈلز جیت کر سپورٹس ٹرافی مسلسل گیارہویں بار اپنے نام کی۔ مردوخواتین کیٹیگریزکے مقابلوں میں یوسی پی کے کھلاڑیوں نے فٹبال، بیس بال، ہاکی،سوئمنگ، ٹیبل ٹینس، ریسلنگ، ویٹ لفٹنگ، ٹینس، جوڈو کراٹے اور باسکٹ بال سمیت دیگر اہم مقابلوں میں گولڈ میڈلزجیتے۔