ماہرین تعلیم کا ٹیچر لائسنسنگ سسٹم کا مطالبہ
ماہرین تعلیم کا ٹیچر لائسنسنگ سسٹم کا مطالبہ
مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین تعلیم نے ملک کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے ٹیچر لائسنسنگ سسٹم متعارف کرانے کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔
سندھ ٹیچرز ایجوکیشن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے آغا خان یونیورسٹی اور انسٹی ٹیوٹ فار ایجوکیشن ڈیولپمنٹ کے زیر اہتمام ایک سیمینار کے دوران شعبہ تعلیم کی ترقی میں ٹیچر لائسنسنگ سسٹم کے اہم کردار پر اظہارِ خیال کیا گیا۔
تقریب کے دوران پریزینٹرز نے ملک میں ٹیچر لائسنس متعارف کرانے کے لیے ایک وائٹ پیپر جاری کیا۔ اے کے یو کے آئی ای ڈی میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عامر سلطان چنائے نے وائٹ پیپر پیش کیا۔
اس تقریب کے شرکاء کا کہنا تھا کہ ٹیچر لائسنسنگ کا نظام ملک بھر میں اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنے میں مدد کرے گا جبکہ لائسنس یافتہ اساتذہ بھی طلباء کے تعلیمی نتائج کو بہتر بنانے میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔
ماہرین تعلیم نے اس ہفتے کے شروع میں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں طلباء کے لیے ماہانہ فیول سبسڈی کی بھی حمایت کی تھی، جب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں قومی سطح پر نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔
یونیورسٹی آف مینیجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے صدر ابراہیم حسن مراد کے مطابق ملک میں 20 لاکھ سے زائد یونیورسٹی طلباء کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے نمٹنا مشکل ہو رہا ہے۔