مستقبل میں ملازمتوں کا انتخاب کرنے کے لیے طلباء کے لیے 5 شارٹ کورسز

مستقبل میں ملازمتوں کا انتخاب کرنے کے لیے طلباء کے لیے 5 شارٹ کورسز

مستقبل میں ملازمتوں کا انتخاب کرنے کے لیے طلباء کے لیے 5 شارٹ کورسز

جیسے جیسے دنیا ڈرامائی طور پر ترقی کر رہی ہے اور ٹیکنالوجی نے زندگی کے بیشتر شعبوں میں اپنی جگہ بنا لی ہے، لوگوں نے نئی مہارتیں سیکھنا شروع کر دی ہیں جو ان کے لیے مددگار ہیں، تکنیکی ترقی کے اس نئے دور میں تعلیمی شعبے میں کچھ نیا سیکھنا آپ کے خوابوں کی ملازمت اور کیریئر کے حصول کے لیے اچھا تو ہے مگر کافی نہیں ہے۔ لہٰذا، میٹرک کے بعد یا اپنے انٹرمیڈیٹ کے بعد طلباء ایسے مختصر کورسز کا انتخاب کر سکتے ہیں جو ان کی مزید تعلیم اور کام کی جگہ پر ان کی مدد کر سکیں۔ تاہم، ہزاروں کورسز میں سے انتخاب کرنے کے ساتھ فیصلہ کرنا کافی مشکل ہو سکتا ہے۔

کسی کورس کو منتخب کرنے کا ایک آسان طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنی دلچسپی کے مطابق کورس کا انتخاب کریں۔ آپ کو وہ چیز منتخب کرنی ہوگی جو آپ سیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ یہ کورسز آپ کو ٹیکنالوجی کی دنیا سے تازہ ترین معلومات فراہم کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کورسز کی مدد سے، آپ اس صنعت کے بارے میں بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں جس میں آپ کی دلچسپی ہے۔ ساتھ ہی، ایسے کورسز بھی دستیاب ہیں جن کا مقصد تکنیکی تبدیلی سے پیدا ہونے والی نئی ملازمتوں میں فٹ ہونا ہے جو تقریباً ہر صنعت میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

یہاں آپ کے انتخاب کرنے کے لیے چند کورسز کی فہرست پیش کی جارہی ہے جو آپ کے لیے کیریئر بنانے کے سلسلے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔


کمپیوٹر کورس:

اس بات میں کوئی شک نہیں کہ وہ لوگ جو آج کل کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کے ساتھ کام کرتے ہیں وہ ان لوگوں سے زیادہ کماتے ہیں جو بڑے بلڈنگ آپریشنز چلاتے ہیں۔

 آئی ٹی یعنی انفارمیشن ٹایکنالوجی کا شعبہ عملی طور پر ہر اس چیز میں شامل ہے جس کا کاروبار، تعلیم، تفریح اور صارفین کی خدمات سے تعلق ہے۔

طلباء میں کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی مہارت کا ہونا ضروری ہے۔ اگر انہیں اپنی تعلیمی قابلیت کی وجہ سے ملازمتیں نہیں مل رہی ہیں تو وہ اپنی تکنیکی مہارت کی بنیاد پر ایک بہتر ملازمت حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ تکنیکی مہارت انہیں ڈگری کے ساتھ دوسرا آپشن فراہم کرتی ہے۔

کمپیوٹر استعمال کرنے کی بنیادی مہارتوں کے ساتھ ساتھ مائیکروسافٹ آفس کا علم نہ صرف مستقبل کی نوکریوں کے لیے بلکہ مزید پڑھائی کے لیے بھی ضروری ہے اور یہ پریزنٹیشنز اور اسائنمنٹس بنانے کے سلسلے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔

ایک بار جب آپ کمپیوٹر کی بنیادی مہارتیں سیکھ لیں گے اور اس پر کام کرنا شروع کر دیں گے تو آپ اپنے تعلیمی میدان میں مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تیار ہو جائیں گے۔ لہذا ہمارا مشورہ ہے کہ ایسے کورسز پیش کرنے والے کمپیوٹر ٹریننگ کے موزوں مراکز پر جائیں اور سیکھنا شروع کریں۔

 

لینگویج کورس:

زندگی کے ہر پہلو میں موثر کمیونیکیشن بہت ضروری ہے۔ صحیح پیغام دینے کے لیے کسی کو اپنے الفاظ کے ساتھ واضح ہونا چاہیے اور ایسا کرنے کے لیے آپ کو اس زبان میں روانی ہونی چاہیے جو آپ بول رہے ہیں یا لکھ رہے ہیں۔

سب سے پہلے سیکھنے کے لیے سب سے اہم زبان انگریزی ہے کیونکہ یہ دنیا میں کسی بھی مضمون کے مطالعہ کے لیے سب سے زیادہ استعمال ہونے والی زبان ہے۔

طلباء کو انگریزی زبان سیکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ایک بڑی زبان ہونے کے ناتے ان کے ذہنوں کو وسعت دیتی ہے، جذباتی صلاحیتوں کو فروغ دیتی ہے، اور ملازمت کے مواقع فراہم کرکے ان کے معیار زندگی کو بہتر بناتی ہے کیونکہ یہ ہر جگہ اور ہر کسی کے ساتھ بات چیت کو موثر بناتی ہے چاہے وہ آپ کا کوئی شہری ساتھی ہو یا آپ کسی غیر ملکی سے بات چیت کررہے ہوں۔ یہ ایک ایسی زبان ہے جو مختلف خطوں اور نسلوں کے لوگوں کو اکٹھا کرتی ہے۔

انگریزی زبان کے کورس کے علاوہ آپ دوسری زبانوں کا بھی انتخاب کرسکتے ہیں جو آپ سیکھنا چاہتے ہیں جیسے چینی، اطالوی اور فرانسیسی۔ اگر آپ کسی دوسرے ملک میں تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں تو، آپ ان کی زبان سیکھ سکتے ہیں یا اگر آپ کسی بھی کیریئر کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں تو آپ اس کے لیے جا سکتے ہیں۔

 

ڈیجیٹل ڈیزائن کورس:

ڈیجیٹل ڈیزائننگ میں وہ مواد شامل ہوتا ہے جو خاص طور پر ہم ویب سائٹس پر دیکھتے ہیں۔ چونکہ ہماری زندگیاں اب زیادہ تر آن لائن ہیں، اس لیے ہمارے آن لائن انٹرایکشن کا اسٹرکچر اہم ہوگا۔ اسی طرح دنیا بھر میں ڈیجیٹل ڈیزائن بنانے والے تخلیق کاروں کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ہمارے کام کرنے، سیکھنے، خریداری کرنے اور سماجی رابطے بنانے کا طریقہ ڈیجیٹل ڈیزائن سے متاثر ہوتا ہے۔

ایک ڈیجیٹل ڈیزائنر کو ویب ڈیولپمنٹ، یو ایکس، یو آئی یا گرافک ڈیزائننگ کے شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور مہارت حاصل کرنے کی ضرورت ہو سکتی ہے، اور یہ اس بات پر منحصر ہے کہ وہ کس قسم کے کام کرنا چاہتے ہیں۔ وہ آزمائشی اور حقیقی ڈیزائن کے تصورات، صنعت (انڈسٹری) کے رجحانات اور گرافک ڈیزائنر، ویب ڈیزائنر یا یو ایکس، یو آئی ڈیزائنر کے لیے درکار تمام عملی صلاحیتوں کو جاننا چاہیں گے۔
 
ڈیجیٹل مارکیٹنگ کورس:

ڈیجیٹل مارکیٹنگ میں ڈپلومہ آج کے ڈیجیٹل ماحول میں بہت زیادہ امکانات پیش کرتا ہے۔ ڈیجیٹل مارکیٹنگ ڈپلومہ کے حامل طلباء مارکیٹ کی تشخیص، سوشل میڈیا، مارکیٹ مینجمنٹ اور مارکیٹ ریسرچ کے بارے میں نئے علوم اور مہارتیں سیکھ سکیں گے۔ یہ مختصر مدت میں مکمل ہونے والا ڈیجیٹل مارکیٹنگ کورس مالی اور ذاتی ترقی یعنی دونوں کے مواقع فراہم کرتا ہے۔

ڈیجیٹل مارکیٹنگ ڈپلومہ حاصل کرنے کے بعد، آپ سوشل میڈیا مارکیٹنگ اور سرچ انجن آپٹیمائزیشن (ایس ای او) جیسے پیشہ ورانہ راستوں کو اپنانے کے قابل ہو جائیں گے۔


فوٹوگرافی کورس:

چونکہ نوجوانوں میں فوٹو گرافی کا رجحان ایک طرح سے پہلے ہی وائرل ہے، یہ سب سے زیادہ تخلیقی اور آسان کورسز میں سے ایک ہے جس کا طالب علم انتخاب کر سکتے ہیں۔

فوٹو گرافی کا مختصر کورس طلباء کو تخلیقی شعبوں میں ایک عمدہ کیریئر بنانے کے لیے تیار کرتا ہے، جو ایک دلچسپ سرگرمی ہونے کے ساتھ کامیاب پروفیشن بھی ہو سکتا ہے۔ طلباء فوٹو گرافی کے شعبے میں اپنے جوش اور مہارت کی بنیاد پر میڈیا ہاؤسز، اسٹوڈیوز، ایجنسیوں اور مختلف کمپنیوں میں کام کر سکتے ہیں۔ پارٹ ٹائم یا فری لانس کام بھی اس کورس کے ساتھ جانے کے لیے عمدہ آپشنزہیں۔ اس کورس میں سرٹیفیکیشن کسی بھی وقت مفید ہو سکتا ہے۔

یہ مختصر کورسز آپ کی دلچسپیوں کے مطابق انتخاب کرنے کے لیے اچھے کیریئر کے مواقع فراہم کرنے والے مختلف شعبوں میں یقیناً آپ کے مددگار ثابت ہوں گے

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©️ 2021 کیمپس گرو