اسکولوں کی نصابی کتاب کی اشاعت تاخیر کا شکار

اسکولوں کی نصابی کتاب کی اشاعت تاخیر کا شکار

اسکولوں کی نصابی کتاب کی اشاعت تاخیر کا شکار

 نصابی کتب کی فراہمی میں تاخیر کی وجہ سے پنجاب کے تمام اضلاع میں 30 لاکھ کے قریب اسکولوں کے طلباء کو مشکلات کا سامنا ہے۔

 محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کے ذرائع کے مطابق چھٹی سے نویں جماعت کے طلباء کو کتابوں کی چھپائی میں تاخیر کے باعث آئندہ تعلیمی سال کی نصابی کتب تاحال نہیں دی جاسکی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ چھپائی میں تاخیر کے باعث نصابی کتب رواں سال اگست تک دستیاب نہیں ہوسکتی ہیں۔

اسکولوں کے اساتذہ نے متنبہ کیا ہے کہ متاثرہ طلباء، جن کی تعداد صوبہ بھر میں تقریباً 30 لاکھ بتائی جاتی ہے، موسم گرما کی چھٹیوں میں ہوم ورک کرنے سے قاصر ہوں گے اور تعلیمی سال کے دوران کتابوں کے ساتھ کم دستیاب وقت کی وجہ سے ان کی پڑھائی متاثر ہوسکتی ہے۔

صوبائی دارالحکومت میں پرائمری اسکولوں کے تقریباً 600,000 طلباء کو بھی نئے تعلیمی سال کی نصابی کتب نہیں مل سکی ہیں جس سے اساتذہ اور والدین میں تشویش پائی جاتی ہے۔

صوبے میں گزشتہ کئی ہفتوں سے محکمہ اسکول ایجوکیشن کا کوئی وزیر نہیں ہے اور متعلقہ حکام کو تاخیر کی وضاحت دینے کے لیے بھی نہیں کہا گیا ہے۔

کچھ دیگر تعلیمی مسائل کے علاوہ سب سے سنگین مسئلہ یہ ہے کہ کسی بھی ضلع کے مڈل اور ہائی اسکولوں میں نصابی کتابیں تقسیم نہیں کی گئیں۔

طلباء اور اساتذہ کو خدشہ ہے کہ پہلے سے ضائع ہونے والے وقت کے علاوہ پنجاب کے سرکاری اسکول یکم جون سے دو ماہ کے لیے گرمیوں کی تعطیلات کے لیے بند کر دیے جائیں گے۔

اساتذہ کا کہنا ہے کہ وہ کتابیں نہ ہونے کی وجہ سے طلباء کو چھٹیوں کا ہوم ورک نہیں دے سکیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کو نصاب کے بارے میں فیصلہ کرنا ہوگا لیکن اس سلسلے میں ابھی تک کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ ہم نے پہلی سے پانچویں جماعت کے لازمی مضامین کی 80 فیصد نصابی کتابیں تیار کر لی ہیں اور ہم انہیں تقسیم کے لیے بھیج رہے ہیں۔ تاہم، چھٹی سے نویں تک ہم حکومت کی ہدایات کا انتظار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اس معاملے کا نوٹس لیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں گرمیوں کی تعطیلات سے پہلے کتابوں کی ضرورت ہے لیکن گرمیوں کی چھٹیاں ہونے میں صرف ایک ہفتہ باقی ہے۔

 

بشکریہ: ایکسپریس ٹریبیون

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©️ 2021 کیمپس گرو