سندھ میں پہلی بار انٹر سال اول کے داخلے نویں جماعت کے نتائج کی بنیاد پر ہوں گے

سندھ میں پہلی بار انٹر سال اول کے داخلے نویں جماعت کے نتائج کی بنیاد پر ہوں گے

سندھ میں پہلی بار انٹر سال اول کے داخلے نویں جماعت کے نتائج کی بنیاد پر ہوں گے

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے میں پہلی مرتبہ انٹر سال اول کے داخلے نویں جماعت کے نتائج کی بنیاد پر دینے کی منظوری دے دی۔

صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ نے نویں جماعت کے نتیجے کی بنیاد پر سرکاری کالجوں میں انٹر سال اول گیارہویں جماعت میں داخلوں کی منظوری دے دی ہے تاہم یہ داخلے عارضی ہوں گے اور میٹرک کا نتیجہ آنے پر اس کی توثیق ہوسکے گی۔

مذکورہ اقدام طلبہ کے قیمتی تعلیمی سال کے کئی اہم ماہ بچانے کے لیے کیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم کو اس سلسلے میں تجویز پیش کی گئی تھی کہ دسویں جماعت کے نتائج میں تاخیر کی وجہ سے گیارہویں جماعت میں داخلے وقت پر نہیں ہو پاتے جس کی وجہ سے طلبہ نجی کالجوں میں داخلہ لے لیتے ہیں اور طلبہ کی بڑی تعداد کوچنگ سینٹرز کا رخ کرلیتی ہے بعد ازاں طلبہ داخلے کے باوجود سرکاری کالجوں میں کلاسیں نہیں لیتے۔

اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ ڈاکٹر محمد علی مانجھی نے وزیر تعلیم سردار علی شاہ سے ملاقات کی ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ نے صوبائی وزیر تعلیم کو اس حوالے سے بریفنگ بھی دی اور ان سے گزارش کی کہ یکم اگست سے تعلیمی سرگرمیاں شروع ہونے سے طلبہ کے انتھائی اہم چار ماہ ضائع ہونے سے بچ جائیں گے۔

ڈائریکٹر جنرل کالجز ڈاکٹر محمد علی مانجھی نے طلبہ کے داخلے کے حوالے سے دیرینہ مطالبہ منظور کرنے پر وزیر تعلیم سندھ اور سیکریٹری کالج ایجوکیشن کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر محمد علی مانجھی نے کہا کہ یکم اگست سے پورے سندھ کے کالجوں میں تعلیمی سرگرمیاں شروع ہو جائیں گی۔

متعلقہ بلاگس

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©️ 2021 کیمپس گرو