کراچی میں دارِارقم اسکول کے ڈائریکٹر خالد رضا ٹارگٹ کلنگ میں جاں بحق
کراچی میں دارِارقم اسکول کے ڈائریکٹر خالد رضا ٹارگٹ کلنگ میں جاں بحق
کراچی کے علاقے گلستان جوہرمیں گھر کی دہلیز پر دار ارقم اسکولز کراچی ریجن کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز پاکستان کے وائس چیئرمین سید خالد رضا کو موٹرسائیکل سوار ملزمان نے سرمیں گولی مارکر قتل کردیا۔
ملزمان موقع سے فرار ہوگئے جبکہ گورنر سندھ اور وزیر اعلی سندھ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کراچی پولیس چیف سے رپورٹ طلب کرلی۔ دوسری جانب پولیس نے ملزمان کے فرار ہوتے وقت کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق گلستان جوہر بلاک 7 نزد مدرسہ انوارالقرآن کے قریب رہائش پذیر 55 سالہ سید خالد رضا کو موٹرسائیکل سوار2 ملزمان سر میں گولی مار کر فرار ہوگئے،انہیں شدید زخمی حالت میں قریبی نجی اسپتال لے جایا گیا،جہاں پہنچے سے قبل ہی انھوں نے دم توڑدیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پرپہنچ گئے۔ پولیس کے مطابق جائے وقوع سے 30 بور پستول کی گولی کا ایک خول ملا ہے۔
وقوع سے قبل مقتول کہیں جارہے تھے، جیسے ہی وہ گھر سے باہر نکل کر اپنی گاڑی کی جانب بڑھے ہی تھے کہ موٹرسائیکل پر سوار دو ملزمان نے انہیں ٹارگٹ کیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق قتل کی یہ واردات ڈکیتی مزاحمت کا شاخسانہ نہیں کیونکہ مقتول کی جامہ تلاشی کے دوران ان کا موبائل فون، 70 ہزار روپے نقد اور دیگرکاغذات موجود تھے۔
مقتول دار ارقم اسکولز کراچی ریجن کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز پاکستان کے وائس چیئرمین اور سماجی رہنما بھی تھے۔