جامعہ کراچی اور اٹلی کی یونیورسٹیز میں تعلیم کے فروغ کا معاہدہ
جامعہ کراچی اور اٹلی کی یونیورسٹیز میں تعلیم کے فروغ کا معاہدہ
جامعہ کراچی اور دواطالوی جامعات کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں، جامعہ کراچی میں ہونے والی ایک یادگار تقریب میں تعلیم کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پرجامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر خالد عراقی اور کراچی میں تعینات اطالوی قونصل جنرل دانیلوجیوردانیلا نے دستخط کئے۔ اس موقع پر سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب بھی موجودتھے۔
اطالوی قونصل جنرل دانیلوجیوردنیلا نے کہا کہ جامعہ کراچی سے تعلیمی اشتراک کی خواہش رکھتے ہیں، پاکستانی طلبہ اٹلی میں اعلیٰ تعلیم کے لئے بڑی تعداد میں جارہے ہیں، صرف کراچی قونصلیٹ میں اس سال ایک ہزار طلبہ نے تعلیمی ویزے کی درخواستیں جمع کرائی ہیں۔ انوہں نے کہا کہ اٹلی میں 90 فیصدجامعات سرکاری ہیں جس کی وجہ سے فیسیں انتہائی کم ہیں۔جامعہ کراچی کے ساتھ مشترکہ ڈگری پروگرامزاور تحقیقی کام کرنا چاہتے ہیں جس میں محققین کے ایکسچینج پروگرام بھی شامل ہیں۔
اس موقع پر بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہمیں معاشرے کی منفی چیزوں کو اُبھارنے کے بجائے مثبت چیزوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،اٹلی کے قونصل جنرل جامعہ کراچی کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات میں پی ایچ ڈی کے طالبعلم بھی ہیں،جامعہ کراچی ایک عظیم درسگاہ ہے جس میں غیر ملکی طلبہ کی بڑی تعداد زیر تعلیم ہے،ہمارے نوجوانوں کو تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ مہارت کی ضرورت ہے، اٹلی ہمارے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرے تاکہ وہ اپنے اسکلزکو نکھارسکیں،اس سے دونوں ملکوں کے تعلقات بھی بہتر ہوں گے اور پاکستان کو زرمبادلہ بھی ملے گا۔
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ جامعہ کراچی میں ترکیہ زبان کے مرکزکے قیام کے بعد اب مختلف بین الاقوامی جامعات کے ساتھ اشتراک کررہے ہیں جس کا مقصد تعلیم کے ساتھ ساتھ پاکستانی ثقافت اور تحقیق کو فروغ دینا بھی ہے۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا کہ بین الاقوامی زبانوں کا سیکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے جس کو ہم نظر انداز کررہے ہیں،جامعہ کراچی میں مختلف بین الاقومی زبانوں کے لینگویج سینٹر کھولے جائیں گے، بیرسٹرمرتضیٰ وہاب صوبہ سندھ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں، ہم وزیر اعلیٰ سندھ کے بھی شکرگزار ہیں جنہوں نے جامعہ کراچی کی گرانٹ میں اضافہ کیا۔