لیاری کی بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی میں فیسٹول کے دوران بھارتی فلم دکھائے جانے کا انکشاف

لیاری کی بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی میں فیسٹول کے دوران بھارتی فلم دکھائے جانے کا انکشاف

لیاری کی بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی میں فیسٹول کے دوران بھارتی فلم دکھائے جانے کا انکشاف

شہر قائد کے علاقے لیاری میں قائم بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی میں اسٹوڈنٹ فیسٹیول کے دوران طلبا کو بھارتی فلم دکھائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ جس میں اداکارائوں کا نامناسب لباس اور غیر اخلاقی رقص بھی طالب علموں نے دیکھا۔

لیاری میں قائم بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی میں اسٹوڈنٹ فیسٹیول کے دوران  بھارتی فلم “ہیرا پھیری” دکھائے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے اور اس دوران فلم میں شامل نا مناسب مناظر و رقص بھی نشر کیا گیا جس کو آڈیٹوریم میں بیٹھے طلبا و طالبات نے دیکھا۔

بتایا گیا ہے کہ طلبہ کی کونسل نے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے ذریعے 3 روزہ فوڈ فیسٹیول کی اجازت مانگی تھی جبکہ تیسرے روز بھارتی فلم چلائی گئی، قابل ذکر بات یہ ہے کہ سوائے ایک ٹیچر کے اس دوران متعلقہ شعبے سمیت یونیورسٹی کے اساتذہ وہاں موجود ہی نہیں تھے جو اس فلم کو رکواتے جبکہ وہاں موجود ایک ٹیچر فلم رکوانے کے بجائے اپنے موبائل فون سے اس کی ویڈیو بناتے رہے۔

 دوسری جانب اس معاملے پر یونیورسٹی انتظامیہ پر کڑی تنقید کی گئی اور یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر سراج میمن کے بارے میں رائے دی گئی کہ یہ سب ان کے یونیورسٹی نہ آنے کی وجہ سے ہورہا ہے اور یونیورسٹی تباہ ہورہی ہے۔

یونیورسٹی کی انتظامیہ نے اس حوالے سے اپنےبیان میں کہا ہے کہ یہ ایونٹ یونیورسٹی انتظامیہ کی بغیر کسی پیشگی اجازت کے منعقد ہوا جو کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہے، فیسٹیول منعقد کرنے کے لیے آرگنائزرز کی جانب سے مروجہ قوانین پر عمل نہیں کیا گیا اور نہ ہی یونیورسٹی کوڈ آف کنڈکٹ کا احترام کیا گیا تاہم معلوم ہونے پر اس فیسٹیول کو فوری طور پر رکوادیا گیا تھا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آرگنائزر کی جانب سے اس سلسلے میں جامعہ کے قوانین کی سخت خلاف ورزی کی گئی جس کے سبب  معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آرگنائزر کو طلب کیا گیا ہے اور اب ان کے خلاف انضباطی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے

انتظامیہ نے واضح کیا کہ یونیورسٹی اس طرح کی کسی مثال کی کیمپس میں اجازت  نہیں دے سکتی۔

واضح رہے کہ لیاری یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے مستقل سربراہ ہیں جس کے سبب وہ لیاری یونیورسٹی میں ہفتے میں ایک روز چند گھنٹے کے لیے جاتے ہیں تاہم وہ مختلف معاملات میں بروقت ایکشن لینے کے حوالے سے بھی معروف ہیں۔ ایک روز قبل ہی ان کی جانب سے ایک ایسی ویڈیو پر فوری کارروائی کرائی گئی تھی جس میں طلبہ کے بیت الخلا کی خراب حالت دکھائی گئی تھی تاہم انتظامیہ نے اگلے ہی روز کارروائی کرتے ہوئے ان واش رومز کو قابل استعمال بنادیا تھا۔

متعلقہ بلاگس

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©️ 2021 کیمپس گرو