وفاقی وزارت تعلیم نے کیمبرج اور او لیول کی دوکتابوں پرپابندی لگا دی

وفاقی وزارت تعلیم نے کیمبرج اور او لیول کی دوکتابوں پرپابندی لگا دی

وفاقی وزارت تعلیم نے کیمبرج اور او لیول کی دوکتابوں پرپابندی لگا دی

  وفاقی وزارت تعلیم نے سماجی و ثقافتی اقدار کے خلاف مواد کی موجودگی پر کیمبرج اور او لیول کی دوکتابوں کو پڑھانے پر پابندی عائد کردی۔

پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) نے وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں میں سوشیالوجی کورس بک اور دی ہسٹری اینڈ کلچر آف پاکستان کی پرنٹنگ، پبلشنگ، ڈسٹری بیوشن اور پڑھانے پر پابندی لگاتے ہوئے تمام تعلیمی اداروں سے 10 مئی تک فیصلے پر عملدرآمد کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وفاقی سیکریٹری برائے تعلیم وسیم اجمل چوہدری نے اس حوالے سے بتایا کہ ان کتابوں نے کریکولم ونگ سے این او سی بھی نہیں لے رکھا اور ان میں مواد پاکستان کی سماجی و ثقافتی اقدار کے خلاف ہے جس کی وجہ سے ان کتابوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

سیکریٹری پیرا جاوید اقبال کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کیمبرج یونیورسٹی پریس کی سوشیالوجی کورس بک پر فوری پابندی عائد کردی گئی ہے اس کے علاوہ  پیک پبلشنگ لمیٹڈ، دانش پبلشنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کی کتاب دی ہسٹری اینڈ کلچر آف پاکستان جو او لیول میں پڑھائی جا رہی تھی اس پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

وفاقی سیکریٹری کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان دوکتابوں کی پرنٹنگ، پبلشنگ، ڈسٹری بیوشن اور تدریس پر پابندی ہو گی اور خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف پیرا ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اداروں کی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے کہ  یہ کتابیں کسی بھی ادارے میں موجود نہ ہوں،اتھارٹی نے او اینڈ اے لیول کی بک لسٹ اور ریفرنس بک کی تفصیلات بھی مانگ لی ہیں تا کہ نیشنل کریکولم کونسل کے معیار کے مطابق جانچ پڑتال کی جا سکے۔

پیرا کا نوٹیفکیشن  وفاقی دارالحکومت کے تمام نجی تعلیمی اداروں کے پرنسپلز اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو بھجوادیا گیا ہے۔

 

اس حوالے سے وفاقی سیکریٹری تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وسیم اجمل چوہدری نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ سوشیالوجی کی کتاب میں ہم جنس پرستوں  کی شادی کے حوالے سے کچھ مواد شامل ہے جو پاکستان  کی سماجی اور ثقافتی اقدار کے خلاف ہے۔

جبکہ دوسری کتاب میں پاکستان کی  سیاسی تاریخ کو غلط بیان کیا گیا ہے اور پاکستان کا نقشہ بھی غلط چھاپا گیا ہے، سب سے بڑھ کر یہ کہ نیشنل کریکولم کونسل سے ان کتابوں نے این او سی نہیں لیا جس کی بنیاد پر ان کتابوں پر  پابندی عائد کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل کریکولم کونسل تمام نصابی کتابوں کا جائزہ لیتی ہے جبکہ پیرا اس حوالے سے عملدرآمد کرواتا ہے۔

 

 

متعلقہ بلاگس

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©️ 2021 کیمپس گرو