لائبریری سے لی گئی کتاب 75 سال بعد واپس
لائبریری سے لی گئی کتاب 75 سال بعد واپس
امریکی ریاست نیو جرسی کی ایک لائبریری سے کتاب حاصل کرنے والے شخص نے 75 سال بعد کتاب لائبریری کی انتظامیہ کو واپس جمع کرادی۔
جرسی سٹی فری پبلک لائبریری کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ 89 سالہ بوب جیبلونسکی نے جیمز جے فیرس ہائی اسکول کی برانچ سے 1947ء میں مصنف اوڈن روڈولف کی کتاب ہٹلر کا اجراء کرایا تھا۔
جیبلونسکی کا کہنا تھا کہ انہیں حال ہی میں اپنے گھر کی تزئین و آرائش کے دوران یہ کتاب دوبارہ ملی اور وہ یہ چاہتے تھے کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اسے واپس لائبریری تک پہنچایا جائے۔
کتب خانے کے مہتمم کا کہنا تھا کہ کتاب بہترین حالت میں ہے اور اس میں اس کا اصلی ریفرنس کارڈ بھی موجود ہے۔ آفیشلز کا کہنا تھا کہ جیبلونسکی کو 75 سال تک کتاب رکھنے کے جرمانے کی ادائیگی نہیں کرنی ہوگی کیوں کہ مارچ 2021ء سے لائبریری میں جرمانے کا معاملہ ختم کردیا گیا ہے۔
رواں ماہ کے شروع میں وِنی پیگ پبلک لائبریری نے بتایا تھا کہ ڈینیئل ای جیسی کی کتاب بیس بال حال ہی میں واپس کی گئی ہے جبکہ اس کتاب کو 18 جون 1974ء کو واپس کیا جانا تھا تاہم، اس لائبریری نے بھی 2021ء میں لیٹ فیس کے مسئلے کو ختم کر دیا تھا۔