اظہارِ مقصد (ایس او پی) آپ کو کیا جاننے کی ضرورت ہے؟
اظہارِ مقصد (ایس او پی) آپ کو کیا جاننے کی ضرورت ہے؟
ایک ایس او پی یعنی اسٹیٹمنٹ آف پرپز اپنے بارے میں لکھا گیا ایسا مضمون یا تحریر ہے جو غیر ملکی یونیورسٹیز ہمیشہ آپ سے مانگتی ہیں۔ اس پر اکثر اس لیے زور دیا جاتا ہے کہ ایک عمدہ مضمون یا مقصد کا بیان آپ کے داخلے کے لیے اہم ترین چیز ہے۔
جیسا کہ ابھی ہم نے آپ کو بتایا کہ ایس او پی کا مطلب اسٹیٹ منٹ آف پرپز ہوتا ہے، یہ عام طور پر ایک ہزار الفاظ پر مبنی دستاویز ہوتی ہے جس میں یہ مضمون امیدوار کی زندگی اور اس کے انتخابی کیریئر کے تعین کے عقب میں پوشیدہ عوامل اور محرکات کو بیان کرتا ہے اور یہ بھی بتاتا ہے کہ امیدوار یعنی طالبِ علم کے آئندہ زندگی اور مزید تعلیم کے حوالے سے مقاصد کیا ہیں۔
ایک ایس او پی میں ، آپ کو اپنے کیریئر، زندگی، حالات و واقعات کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیمی پیشرفت کے حوالے سے اپنے اہداف کا تذکرہ کرنا ہوتا ہے۔ مزید یہ کہ ، ایک ایس او پی میں ضروری عناصر اور ذاتی محرکات انتہائی اہم ہیں جن کی وجہ سے آپ کسی خاص یونیورسٹی اور کورس میں داخلے کی درخواست دیتے ہیں۔
اس مضمون میں، آپ کو یہ بھی بتانا ہوگا کہ اگر آپ کو اس تعلیم گاہ میں مزید تعلیم کے لیے قبول کر لیا جاتا ہے تو آپ اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کا ارادہ کس طرح کرتے ہیں۔ آپ کی توقعات اور ارادوں کے بارے میں واضح بیان انتہائی ضروری ہے۔ امیدوار کی درخواست کی بہت سی خصوصیات ہوتی ہیں جن کا داخلے کی تصدیق سے پہلے جائزہ لیا جاتا ہے۔ اگرچہ تعلیمی ریکارڈز اور دیگر امتحانات کے اسکور کارڈز یا مارکس شیٹ ضروری ہیں، لیکن ایس او پی آپ کی درخواست کا واحد حقیقی موضوعی حصہ ہے جو آپ کے اغراض و مقاصد، صلاحیتوں اور اہداف کا احاطہ کرتا ہے۔ آپ کا مقصد بیان آپ کی درخواست میں ایک واحد دستاویز ہے جو آپ کو یہ ثابت کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے کہ آپ کے پاس کچھ خاص اور انوکھا ہے جس کی وجہ سے آپ کسی ہجوم کا حصہ نہیں ہیں بلکہ دیگر افراد سے الگ کھڑے ہیں۔
ایک اچھا ایس او پی بنانے کے لیے کیا چیز ضروری ہے؟
ایس او پی کے بارے میں بنیادی باتیں یہ ہیں کہ آپ اپنے مضمون کے لیے الفاظ کی حد اور جس شکل میں آپ اسے لکھنے جارہے ہیں اس کا فیصلہ کریں۔ اس سے آپ کو ایک اچھا مضمون بنانے میں مدد ملے گی اس کے ساتھ ساتھ اس بات کو بھی ذہن میں رکھیں کہ آپ کس تعلیمی سطح کے لیے ایس او پی لکھ رہے ہیں۔ ظاہر ہے کہ بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کا ایس او پی سوشل سائنسز میں ماسٹرز کرنے کے خواہش مند طالبِ علم سے مختلف ہوگا۔ اسی طرح، بیچلرز پروگرام کے لیے لکھا جانے والا ایس او پی پہلے مذکورہ دونوں ایس او پیز سے یکسر مختلف ہوگا۔
ایس او پی لکھتے وقت پیروی کرنے والے کچھ اقدامات کے بارے میں مزید معلومات حاصل کریں جو کہ ذیل میں آپ کی سہولت کے لیے دیئے جا رہے ہیں۔
اہم نکات کی فہرست بنالیں
ایک ایس او پی آپ کو اپنے مقاصد اور کامیابیوں ، آپ کے زندگی کے اہداف، خواہشوں اور آرزوئوں کا اظہار کرنے کا موقع دیتا ہے۔ ذہن سازی اور ترجیح کے مطابق چیزوں کی فہرست بنانا ایک عمدہ خیال ہے۔ اپنے مضمون میں مختصر اور طویل مدتی اہداف اور زندگی کے اہم واقعات کی فہرست شامل کریں جسے آپ سمجھتے ہیں کہ اس میں شامل ہونا چاہیے۔
اگرچہ یہ غیر متعلقہ معلوم ہوتا ہے مگر اس بات کی کلیدی اہمیت یہ ہے کہ آپ ایس او پی میں اپنی ہر اہم بات کو لکھ دیں جو آپ کو ضروری معلوم ہوتی ہے اور آپ کی اصل شخصیت کو بیان کرتی ہے۔
اس مرحلے پر یہ فیصلہ کرنے کے بارے میں فکر مت کریں کہ ایس او پی میں کیا شامل ہے اور کیا شامل نہیں ہے۔ بس اپنے اور اپنی زندگی کے بارے میں جو بھی اہم اور ضروری معلومات آپ کو یاد آتی جائیں وہ اپنے ایس او پی مین لکھتے جائیں۔
کسی تھیم یا مخصوص طرز کا فیصلہ کریں۔
ایک تھیم یا مخصوص طرز آپ کو ایک سوچ کی فکر پر مرکوز کرنے میں مدد دیتی ہے کہ آپ اپنے عزائم، اپنے خوابوں کی انفرادیت اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو کس طرح بیان کرتے ہیں۔
آپ کے بیان کرنے کا انداز اس طرح پڑھا جانا چاہیے جیسے کوئی آپ کی زندگی کی کہانی پڑھ رہا ہو۔ اس لیے بہتر ہے کہ اسے اپنی زندگی کی کسی انتہائی ضروری اور دل چسپ کہانی کے ساتھ شروع کریں۔
یہ آپ کے بچپن کی دلچسپیاں اور سرگرمیاں ہوسکتی ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ ترقی کرتی ہیں اور آپ کا مقصد اور منزل بن جاتی ہیں۔ بچپن کے کسی پسندیدہ ٹی وی شو یا رسالے کی خصوصیات، یا زندگی کا کوئی ایسا واقعہ جس میں آپ کی دلچسپی کے ساتھ ساتھ دوسروں کے لیے بھی دلچسپی کا عنصر ہو اور کوئی ایسا اہم نکتہ جس کے باعث آپ نے کسی خاص یونیورسٹی یا کورس کا انتخاب کیا ہے۔
فہرست کی کاٹ چھانٹ کرلیں
پہلے مرحلے میں آپ ایک رائٹر کے طور پر اپنے بارے میں سب لکھ رہے ہوتے ہیں اور تیسرے مرحلے میں آپ ایک ایڈٰٹر یعنی تدوین کار بن جاتے ہیں اور اپنے ہی لکھے ہوئے مضمون کی کاٹ چھانٹ کرکے اسے مزید تیکھا اور اثر انگیز بناتے ہیں۔ اس لیے اپنی تیار کردہ فہرست پر دوبارہ جائیں اور اس کو نیچے سے چھانٹنا شروع کریں۔
اپنی تھیم کو ذہن میں رکھتے ہوئے ، آپ کے لیے اس فہرست کو تراشنا اور مزید بہتر بنانا آسان ہوگا۔
فیصلہ کریں کہ کون سی بات کام کرتی ہے اور کیا نہیں، آپ کے مضمون میں کیا اضافہ کیا جاسکتا ہے اور کون سی بات اسے غیردلچسپ بناتی ہے۔ اس تمام امور کی تراش خراش آپ کے ایس او پی کو مزید اثر انگیز بنادے گی۔
اپنے طور پر تحقیق کریں
اپنے ایس او پی میں تھوڑی بہت تفصیلات کو شامل کرنا ایک اچھا خیال ہے، جس سے پڑھنے والے کو یہ معلوم ہوتا ہے کہ آپ نے اپنے تعلیمی ادارے، اپنی پسند کی کوئی بڑی اور اہم چیز، اپنے اساتذہ اور جو بھی چیز آپ کو پسند ہے یا اس تعلیمی ادارے کے بارے میں دلچسپ معلوم کی ہے اس پر مکمل تحقیق کی ہے۔ اگر آپ اپنے ایس او پی کو اس یونیورسٹی کے مشن، یا ان چیزوں پر مرکوز کرتے ہیں جس پر یونیورسٹی بھی توجہ رکھتی ہے تو امید ہے کہ آپ یونیورسٹی انتظامیہ کی نظروں میں آجائیں گے اور آپ کے لیے اپنے خوابوں کو تعبیر دینے کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کے مقرر کردہ اہداف کی طرف بڑھنے کا بھی موقع ملے گا۔
بار بار تدوین کریں
ہر چیز پر تحقیق کرنے اور اہم امور کو لکھنے کے بعد اب وقت آگیا ہے کہ مضمون کا سب سے اہم حصہ یعنی ایڈیٹنگ کا عمل شروع کیا جائے۔ یاد رکھیں، کبھی بھی اپنے ایس او پی کا پہلا ڈرافٹ یونیورسٹی کو مت بھیجیں کیونکہ لکھتے وقت آپ فقط ایک لکھاری ہوتے ہیں جبکہ آپ کے ایس او پی کو ایک محقق اور ایڈیٹر کی نگاہ سے گزرنے کی بھی ضرورت ہے۔ اس لیے اپنے مضمون کو دوبارہ پڑھیں، اپنے دوستوں یا اساتذہ کو اپنے لئے پڑھنے کے لیے دیں اور ان سے ان کی سچی رائے طلب کریں پھر دیکھیں کہ کیا ترمیم ضروری ہے، کون سی چیز ہٹانے یا مزید شامل کرنے کی ضرورت ہے۔
دوبارہ لکھنا لازمی ہے کیونکہ آپ کو دوسری یا تیسری بار پڑھنے پر ایسی غلطیاں مل سکتی ہیں جن سے آپ پہلی نظر میں سرسری گزر گئے تھے، یہاں تک کہ چھوٹی چھوٹی چیزیں جیسے گرائمر یا اوقاف، یا بڑی بڑی چیزیں جیسے بہتر الفاظ یا فقرے جو روانی میں لکھ دیئے گئے مگر دوسری اور تیسری بار دیکھے پر ان کی اثر انگیزی میں کمی محسوس ہو۔
یہ بھی ایک اچھا طریقہ ہے کہ ایک بار مضمون لکھ لینے کے بعد اپنے آپ کو کچھ وقت دیں اور کچھ دن بعد اپنے ایس او پی پر واپس آئیں۔ اس کو تازہ نگاہی سے دیکھنے پر اس کے بارے میں الہام پیدا ہوسکتا ہے کہ اسے مزید بہتر، دلچسپ اور اثر انگیز کیسے بنایا جاسکتا ہے۔
مقصد کے بیان کے لیے صحیح منصوبے پر عمل کریں اور ہمیں یقین ہے کہ درج بالا نکات پر عمل کر کے آپ غلط نہیں ہوسکتے۔